اسلاموفوبیا پر مبنی اشتعال انگیزی خوفناک ہے،جمال شاہ کاکڑ
)پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے صدر وسابق اسپیکر صوبائی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھناﺅنے عمل کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ انتہاپسند وشرپسند عناصر کی جانب سے یہ ناروا اقدام قطعاََ قبول نہیں ،آزادی اظہار کے لبادہ کو دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے لئے استعمال نہیں کیا جاسکتا اقوام متحدہ کا چارٹر وبین الاقوامی قوانین کے تحت مسلمانوں کے مذہب قرآن مجید اور رسول اکرمﷺ کو تحفظ حاصل ہے اس کے باوجود سوئیڈن میںاسلامی اقدار اور شعائر پر حملہ کرنے جیسے واقعات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میںکیا۔جمال شاہ کاکڑنے کہاکہ پاکستان ایک اسلامی جمہوری ملک ہے جہاں ہر مذہب سے تعلق رکھنے والے لوگوںکو مذہبی آزادی حاصل ہے آزادی اظہار رائے کے نام پر قطعاََ کسی کو اجازت نہیںدی جاسکتی کہ وہ اسلام ،دین یا ہمارے مقدس کتاب قرآن مجید ،شعائر اسلام کی توہین یا بے حرمتی کریں ، حکومت پاکستان کی جانب سے اس مذموم واقعہ کے خلاف عالمی سطح پر آواز اٹھائی جائےگی اس واقعہ سے عالم اسلام میں شدید غصہ پایاجارہاہے ،انہوں نے کہاکہ اسلام کی حقانیت اب ساری دنیا پر چھاگئی ہے اور دنیا کے مختلف ممالک میں ہزاروں لوگ شرف بہ اسلام ہورہے ہیں ،انہوںنے کہاکہ اسلاموفوبیا پر مبنی اشتعال انگیزی خوفناک ہے، سویڈن میں اظہار رائے کی آزادی ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ سویڈن کی حکومت یا اس کے شہری آزادی اظہار رائے کالبادہ اوڑ کر ہمارے مقدس کتابوں کی توہین کریں۔اسلاموفوبیا کو فروغ دینے کی کارروائی سے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی، مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا اظہار رائے کی آزادی میں نہیں آتا۔انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی دنیا اورانسانی حقوق کے علمبردار نفرت انگیز عمل کی روک تھام کی ذمہ داری نبھائیں اور تشدد پر نہ اکسانے کی ذمہ داری نبھائیں۔