چین ،6 افراد کو تیز رفتار گاڑی تلے کچلنے والا ڈرائیور پولیس فائرنگ سے ہلاک
بیجنگ چین میں جمعے کے روز ملک کے ایک وسطی شہر میں پیدل چلنے والوں پر دانستہ طور پر گاڑی چڑھا کر 6 افراد کو موت کے گھاٹ اتارنے والے ڈرائیور کو پولیس نے فائرنگ کر کے موت کی نیند سلا دیا۔سرکاری ٹیلی وژن CCTV کے مطابق یہ واقعہ وسطی صوبے ہوبائی کے شہر ژایانگ میں مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے پیش آیا۔ٹی وی نے بتایا کہ سات زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کے محرک اسباب کے حوالے سے تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔چین میں حالیہ برسوں میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل نومبر 2018 میں ملک کے جنوب مغربی علاقے میں ایک تیز رفتار گاڑی نے کئی افراد کو کچل دیا تھا جس کے نتیجے میں 7 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ستمبر میں ہونان صوبے میں ایک تیز رفتار گاڑی عوامی مقام پر مجمع سے ٹکرا گئی۔ واقعے میں 11 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔رواں ماہ پانچ روز قبل بھی 5 طلبہ اس وقت لقمہ اجل بن گئے جب لیاننگ صوبے میں انہیں ایک تیز رفتار گاڑی نے کچل ڈالا۔