ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کو بڑا دھچکا ،شاداب کے بلڈ ٹیسٹ مثبت، ورلڈکپ میں شرکت مشکوک
لاہور پاکستان کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ روانگی سے قبل شاداب خان کی عدم دستیابی کی صورت میں بڑا دھچکا لگا ہے، لیگ اسپنر کے بلڈ ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے پر ان کی ورلڈکپ میں بھی شرکت مشکوک ہوگئی ہے،انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے یاسر شاہ یا محمد نواز میں سے کسی ایک کو ٹیم کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شاداب خان کے بلڈ ٹیسٹ میں وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے جس کے پیش نظر ڈاکٹروں نے انہیں 4ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے اور وہ دورہ انگلینڈ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔انضمام الحق نے کہا کہ شاداب خان ہمارے اہم کھلاڑی ہیں، امید ہے ورلڈ کپ سے پہلے صحتیاب ہوجائیں گے اور وہ ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ شاداب خان کا علاج انگلینڈ میں کرایا جائے گا اور ان کے متبادل کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق شاداب خان کا دوبارہ ٹیسٹ کرایا جا رہا ہے، اگر رپورٹ درست نہ آئی تو ان کی ورلڈ کپ میں شمولیت مشکوک ہو جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شاداب خان کے متبادل کے طور پر لیگ اسپنر یاسر شاہ اور لیفٹ آرم اسپنر محمد نواز کے ناموں پر مشاورت جاری ہے اور اس حوالے سے سلیکشن کمیٹی کے باہمی رابطے اور مختلف آ پشنز پر غور کیا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق شاداب کے متبادل کھلاڑی کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ مشاورت سے کریں گے اور ابتدائی طور پر یاسر شاہ متبادل کھلاڑی کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔واضح رہے کہ 5ٹیسٹ، 34ایک روزہ اور 32ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے لیگ اسپنر شاداب خان ورلڈکپ کیلیے اعلان کردہ 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔