نادرا حکام کے رویئے پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ برہم،درخواست پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے نادرا کی جانب سے شہریت منسوخی کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے شہریت منسوخی کے معاملے پرایک بار پھر نادرا پر شدید برہمی کا اظہار کیا،چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے اپنے سخت ریمارکس میں کہا کہ نادرا کے پاس ایسا کوئی اختیار نہیں کہ کسی کی شہریت منسوخ کرے،مجھے کوئی ایک قانون بتائیں جس کے تحت نادرا ایسا فیصلہ کر سکتا ہے ؟کس نے نادرا کو یہ اختیار دیا کہ وہ کہے فلاں شخص پاکستانی نہیں،نادرا کو کتنی بار سمجھا چکے ہیں یہ ایسا نہ کرے۔جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل طیب شاہ نے کہا کہ عبدالرحیم نامی درخواست کا تعلق افغانستان سے ہے،عبدالرحیم کا تعلق افغانستان سے ہونے کے باعث شناختی کارڈ منسوخ کیا گیا،بعد ازاں وکلا کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔