پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، 100 انڈیکس 120500 کی سطح عبور کر گیا
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، 100 انڈیکس 120500 کی سطح عبور کر گیا
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران تیزی کا رجحان برقرار ہے۔ بدھ کے روز بھی مارکیٹ کا آغاز مثبت ہوا، جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
ابتدائی کاروبار میں 100 انڈیکس 577 پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے ساتھ 120508 کی سطح پر ٹریڈ کرتا نظر آیا۔ اس وقت بھی مارکیٹ میں تیزی برقرار ہے اور انڈیکس 554 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 120486 پر موجود ہے۔
گزشتہ روز بھی مارکیٹ نے شاندار کارکردگی دکھائی تھی، جب 100 انڈیکس 960 پوائنٹس کی بڑی چھلانگ کے ساتھ 119931 پر بند ہوا، جو رواں ہفتے کی اب تک کی سب سے بڑی پیش رفت رہی۔
ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں کی مارکیٹ میں بڑھتی دلچسپی، بجٹ سے متعلق مثبت توقعات، مالیاتی استحکام اور حکومتی پالیسیوں پر اعتماد اس تیزی کی اہم وجوہات ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ معاشی اشاریے بہتری کی طرف جا رہے ہیں، جس سے مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا رجحان مزید مضبوط ہو رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے خیال میں اگر موجودہ رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں انڈیکس مزید بلندی کی جانب گامزن ہو سکتا ہے، جو نہ صرف سرمایہ کاروں بلکہ ملکی معیشت کے لیے بھی خوش آئند ہے۔