فیصل واوڈا کی دفاعی بجٹ دو سے تین گنا بڑھانے کی تجویز، بھارت کو سخت پیغام
فیصل واوڈا کی دفاعی بجٹ دو سے تین گنا بڑھانے کی تجویز، بھارت کو سخت پیغام
اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے حکومت کو تجویز دی ہے کہ دفاعی بجٹ میں دو سے تین گنا اضافہ کیا جائے تاکہ ملک کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے اور دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جا سکے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ’’اگر ہمیں افواج پاکستان کی تنخواہیں دوگنا کرنی پڑیں تو اس سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔ ہمیں اپنے پیٹ کاٹ کر بھی دفاعی بجٹ کو کئی گنا بڑھانا ہوگا۔‘‘ انہوں نے زور دیا کہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے اور بھارت جیسے دشمن کے خلاف محض زبانی بیانات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔
سینیٹر واوڈا نے حکومت اور اپوزیشن سے کہا کہ وہ اختلافات بالائے طاق رکھ کر ایک متحدہ حکمت عملی تیار کریں تاکہ دشمن کو مؤثر اور دوٹوک پیغام دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ’’جب تک ہم بھارت سے دشمنی کو منطقی انجام تک نہیں پہنچاتے، ترقی کی بات بے معنی ہے۔‘‘
سینیٹ اجلاس میں سینیٹر عرفان صدیقی نے بھی بھارت کے خلاف سخت مؤقف اپنایا۔ انہوں نے کہا کہ ’’اب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جانا چاہیے۔ بھارت پاکستان میں دہشتگردی کا براہ راست ذمہ دار ہے۔‘‘
انہوں نے الزام لگایا کہ بھارت دہشتگردوں کو تربیت، اسلحہ اور مالی مدد فراہم کر رہا ہے، اور اس کا ثبوت کلبھوشن یادیو جیسے جاسوس ہیں۔ بلوچستان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے زور دیا کہ ’’معصوم بچوں کے قاتلوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے، ان کی گردنیں اڑا دینی چاہئیں۔‘‘
انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کے ممکنہ فیلڈ مارشل بننے کو قوم کے لیے فخر کا مقام قرار دیا اور کہا کہ ’’یہ اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان کی افواج ہر محاذ پر دشمن کے خلاف ڈٹی ہوئی ہیں۔‘‘