پاکستان کے عام لوگ ہماری طاقت کا اصل سرچشمہ ہیں،فیلڈ مارشل عاصم منیر
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) اور چیف آف آرمی سٹاف کی زیر صدارت 270ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈکوارٹرز، راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس کا آغاز آپریشن بنیان مرصوص اور بلوچستان کے ضلع خضدار میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے معصوم بچوں اور دیگر افراد کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی سے کیا گیا۔
شرکاء نے اس سفاکانہ حملے کی شدید مذمت کی، جو بھارتی حمایت یافتہ پراکسیوں کے ذریعے انجام دیا گیا اور جس میں چار بچے اور دو بالغ شہید ہوئے۔ فورم نے نہتے شہریوں خصوصاً بچوں کو نشانہ بنانے کو انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔
کانفرنس نے معرکہ حق کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا، جنہوں نے بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کے خلاف اپنی جانیں قربان کیں۔ اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے مسلح افواج اپنی ذمہ داری پوری ایمانداری سے نبھائیں گی۔
شرکاء نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی غیر متزلزل قیادت اور قومی دفاع میں ان کی خدمات کو سراہا اور ان کے فیلڈ مارشل کے اعزاز پانے پر مبارکباد دی۔
کانفرنس میں اندرونی و بیرونی سلامتی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، خاص طور پر آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو سراہا گیا۔ فورم نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت، ہمت اور قوم کی مکمل حمایت کو بھی سراہا۔
پاکستانی میڈیا اور اطلاعاتی محاذ پر کام کرنے والوں کو بھی بھارتی پروپیگنڈے اور جھوٹی خبروں کے خلاف مؤثر کردار ادا کرنے پر سراہا گیا، جنہوں نے عوام میں سچائی کو فروغ دیا اور غلط معلومات کا مقابلہ کیا۔
کانفرنس نے نوجوانوں کے جذبے اور حب الوطنی کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا، جنہوں نے قومی جذبے کو بڑھاوا دیا اور ملک کے بیانیے کو موثر انداز میں پیش کیا۔
سیاسی قیادت کو بھی ان کی دور اندیشی اور قوم کی قیادت کے لیے خراج تحسین پیش کیا گیا، جس کی وجہ سے معرکہ حق میں کامیابی ممکن ہوئی۔
فورم نے پاکستان کے موثر دفاعی ردعمل کو مثالی قرار دیا اور کہا کہ ملک اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
کانفرنس نے واضح کیا کہ طاقت کے استعمال یا دھمکیوں کے ذریعے پاکستان کو دبانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھارت کی حمایت یافتہ دہشت گرد پراکسیوں کیخلاف کاروائیاں جاری رہیں گی، اور ان عناصر کو سختی سے نشانہ بنایا جائے گا۔
شرکاء نے کہا کہ بھارت خود کو دہشت گردی کا شکار ظاہر کرتا ہے، لیکن حقیقت میں وہ دہشت گردی کا اصل مرتکب اور خطے میں عدم استحکام کا ذمہ دار ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنی اختتامی تقریر میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور قوم کی حمایت ان کی سب سے بڑی طاقت ہے۔