لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام سے ایک اور ہیرے کا ابھرنا
لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام سے ایک نیا ہیرہ سامنے آ گیا ہے۔ فاسٹ باؤلر سلمان مرزا نے پشاور زلمی کے خلاف شاندار پرفارمنس دکھاتے ہوئے اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے اور وہ پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے کے لئے پرامید ہیں۔
پبلک نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان مرزا نے کہا کہ پی ایس ایل کے پہلے میچ میں ٹیم مینجمنٹ نے جو اعتماد دیا تھا، میں اس پر پورا اترا ہوں۔ میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا اور اپنی ٹیم کو فتح دلوائی۔
سلمان مرزا نے کہا کہ ٹیم میں ابھی موقع نہیں ملا لیکن وہ مایوس نہیں ہیں اور جب وقت آئے گا تو موقع ضرور ملے گا۔ اس دوران وہ لاہور قلندرز کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں بھرپور محنت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بہترین موقع ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر کے پی ایس ایل اور ڈومیسٹک کرکٹ میں جگہ بنا سکتے ہیں۔ اس پروگرام سے کئی کھلاڑیوں نے اپنی شناخت بنائی ہے۔
سلمان مرزا نے کہا کہ شاہین آفریدی، ڈیرل مچل اور حارث رؤف جیسے سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ ان کے کیریئر کے لیے بہت قیمتی ہے اور وہ خاص طور پر شاہین آفریدی سے بہت کچھ سیکھ رہے ہیں۔
پاکستان کی نمائندگی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہر کرکٹر کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ملک کی نمائندگی کرے، اور وہ بھی اپنی پرفارمنس سے قومی ٹیم میں جگہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سلمان مرزا نے بتایا کہ وہ وائٹ بال کرکٹ کھیلنا پسند کرتے ہیں، لیکن ریڈ بال کرکٹ بھی ان کے شوق میں شامل ہے کیونکہ اس میں کھلاڑی کی فٹنس اور اسکلز کا اصل امتحان ہوتا ہے۔ ریڈ بال کرکٹ کھیلنے سے ان کے تجربے میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ مختلف چیلنجز کا سامنا کر سکتے ہیں۔
قلندرز کے ٹیم ماحول کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہاں سب ایک فیملی کی طرح ہیں، جس کی وجہ سے کھلاڑی خوش اور پُرجوش رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حارث رؤف اور محمد نعیم کے ساتھ ان کی بہت اچھی دوستی ہے اور ٹیم میں خوش مزاجی کا ماحول ہے۔
آخر میں سلمان مرزا نے کہا کہ ٹیم نے پلے آف کوالیفائی کر لیا ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ شائقین اسی جذبے کے ساتھ ان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔