مکہ اور مدینہ ہمارے ایمان کامحور،عقیدت الفاظ میں بیان نہیں کی جاسکتی،اسعد محمود

0 333

اسلام آباد(پ ر)پاکستان میں مقیم سعودی عرب کے سفیر جناب نواف بن سعید المالکی نے آج وزارت مواصلات میں وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز جناب اسعد محمود سے ملاقات کی۔اس موقع پر جناب اسعد محمود نے کہا ہےکہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کے درمیان محبت اور اعتماد کا غیر معمولی رشتہ بہت گہرا اور پرانا ہے۔مکہ اور مدینہ ہمارے ایمان کا محور ہیں۔عقیدت الفاظ میں بیان نہیں کی جاسکتی۔ملاقات میں مواصلات کے وفاقی سیکرٹری و چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد خرم آغا،وزارت مواصلات اور این ایچ اے کے سینیئر افسران بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز جناب اسعد محمود نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی معیشت کے استحکام اور اس کے عوام کی فلاح بہبود کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔انہو ںنے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان دونوں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سرکردہ رکن ہیں۔انہو ںنے مزید کہا کہ سعودی عرب پاکستان کو پٹرولیم مہیا کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔انہو ںنے کہا کہ یہ پاکستان کو بڑے پیمانے پر معاشی امداد بھی فراہم کرتا ہے اس کے ساتھ ساتھ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر بھی پاکستان کے لئے غیر ملکی کرنسی کا اہم ذریعہ ہیں۔انہو ںنے کہا کہ سعودی عرب میں تقریباً 20 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں جو وہاں سے 5.8 ارب ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان بھیجتے ہیں۔انہو ںنے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کو وسیع پیمانے پرمذہبی اور تعلیمی مدد بھی فراہم کی ہے،جس کے تحت فیصل مسجد سمیت پاکستان بھر میں مساجد اور مدرسوں کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا گیا ہے۔انہو ںنے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے لئے 2019 میں جوائنٹ ورکنگ گروپ آن انفراسٹرکچر اینڈ کمیونیکیشنز، پاک سعودی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے تحت قائم کیا گیا۔جناب اسعد محمود نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینا ن ہے کہ پاکستان میں سعودی فنڈز سے اعلی معیار کی سڑکیں اور سرنگیں تعمیرکی گئی ہیں ۔انہو ںنے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعمیری شعبہ میں مزید تعاون کیلئے سفارشات مرتب کی گئی ہیں،جو سعودی عرب کو پیش کی جائیں گی۔سعودی سفیر جناب نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے اور پاکستان ترقی اور سلامتی پوری مسلم دنیاکیلئے اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہر شعبہ میں پاکستان کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسقتبل میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی شعبہ میں تعاون کا دائرہ کار مزید وسیع ہوگا۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.