عوام تک معیاری خوراک کی یقینی فراہمی کیلئے بی ایف اے کی آپریشن ٹیموں کو مکمل طور پر فعال کردیا گیا ہے،محمد نعیم بازئی
کوئٹہ(خ ن)ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی نے کہا ہے کہ عوام تک معیاری خوراک کی یقینی فراہمی کیلئے بی ایف اے کی آپریشن ٹیموں کو مکمل طور پر فعال کردیا گیا ہے، ناقص اشیاءخوردونوش فراہم کرنے والوں اور ملاوٹ مافیا کا خاتمہ کرنے کیلئے خفیہ کاروائیوں کا نظام و جامع پالیسی مرتب کی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیاکہ فوڈ بزنس کی سہولت، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور عوامی آگاہی کا دائرہ کار کو مزید وسیع کریں گے۔ فوڈ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہمیں فوڈ سپلائی چین یعنی پیداواری سرگرمیوں، ذخیرہ کر نے کی گنجائش، سپلائی، ڈسٹری بیوشن
اور خوردہ فروشی تک تمام مراحل پر سخت چیک اینڈ بیلنس کا ادراک ہے جس کیلئے بی ایف اے کے اقدامات کا سلسلہ صوبہ بھر میں بلا تعطل جاری ہے۔ دریں اثناءبلوچستان فوڈ اتھارٹی کی مختلف اضلاع میں ناقص و ملاوٹی خوراک کے تدارک کیلئے جاری کاروائیوں کے دوران کوئٹہ شہر میں 6 ملک شاپس و 2 معروف فوڈ پوائنٹس سمیت 12 مراکز، لورالائی میں 7، تربت سٹی میں 4، نال (ضلع خضدار) میں 5 جبکہ ڈیرہ مراد جمالی میں 2 متفرق کھانے پینے کے مراکز پر جرمانے عائد کیے گئے۔
مراکز کے خلاف مجموعی طور پر حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی سمیت مختلف وجوہات، ناقص صفائی کے انتظامات، زائد المعیاد و پابندی عائد خوردنی اشیاءکی فروخت اور بی ایف اے فوڈ بزنس لائسنس کی عدم دستیابی پر ایکشن لیا گیا۔ مزید برآں بی ایف اے ہیڈ کوارٹر (کوئٹہ) اور زونل فوڈ سیفٹی ٹیموں نے دوران انسپیکشن برآمد ہونے والی غیر معیاری و ایکسپائرڈ اشیاءضبط کرکے بعدازاں تلف کردیں۔