جوہری حملوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا،ایران کا امریکا کو وارننگ
تہران – ایران کی وزارتِ خارجہ نے امریکا کی جانب سے تین ایٹمی تنصیبات پر کیے گئے فضائی حملوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے واضح اعلان کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران پوری قوت کے ساتھ مزاحمت کرے گا۔
نیم سرکاری تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، وزارت خارجہ نے اپنے باضابطہ بیان میں کہا کہ امریکا نے بین الاقوامی قوانین کی سنگین اور بے مثال خلاف ورزی کی ہے۔ بیان میں کہا گیا:
“دنیا یہ نہ بھولے کہ سب سے بڑی خیانت امریکا نے کی، جس نے اسرائیلی جارحیت کی پشت پناہی کر کے ایران کے خلاف خطرناک جنگ کا آغاز کیا ہے۔”
ایران نے واضح کیا کہ امریکا نہ کسی اصول کا پابند ہے اور نہ کسی اخلاقی حد کا احترام کرتا ہے۔ وزارت خارجہ نے امریکا کو ایک نسل کش اور قابض ریاست قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کے امن کو داؤ پر لگا رہا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا:
“اسلامی جمہوریہ ایران اپنے قومی مفادات، خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن مزاحمت کا حق رکھتا ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گا۔”