امریکا نے بھارت کو خطرناک قرار دے دیا، نئی سفری ایڈوائزری جاری
امریکا نے بھارت کو خطرناک قرار دے دیا، نئی سفری ایڈوائزری جاری
واشنگٹن/نئی دہلی: امریکی محکمہ خارجہ نے بھارت میں بڑھتے ہوئے جرائم، جنسی حملوں اور دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر لیول 2 (Level 2) ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو “زیادہ احتیاط” برتنے کی ہدایت دی ہے۔
ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ بھارت کے بڑے شہروں، سیاحتی مقامات، بازاروں اور عوامی مقامات پر چوری، پرتشدد وارداتوں اور جنسی حملوں میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔ امریکی شہریوں، خاص طور پر خواتین سیاحوں کو غیر ضروری رسک سے بچنے اور اکیلے سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ خارجہ کے مطابق بھارت میں جنسی زیادتی کے واقعات میں غیر ملکی خواتین بھی نشانہ بن چکی ہیں۔ اس لیے خواتین مسافروں کو چاہیے کہ وہ رات کے وقت اکیلے نہ نکلیں، اجنبیوں سے محتاط رہیں، اور محفوظ مقامات پر قیام کریں۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا کہ بھارت میں دہشت گردانہ حملے کسی بھی وقت اور بغیر پیشگی اطلاع کے ہو سکتے ہیں، کیونکہ مختلف شدت پسند گروہ ملک کے مختلف علاقوں میں سرگرم ہیں۔
امریکی حکومت نے اپنے شہریوں کو بھارت میں سفر کے دوران مقامی میڈیا سے باخبر رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر امریکی سفارتخانے یا قونصل خانے سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ انتباہ ایسے وقت پر جاری کیا گیا ہے جب بھارت کی کئی ریاستوں میں قانون و امن کی صورتحال اور خواتین کے خلاف جرائم میں اضافے پر مقامی حکومتیں شدید تنقید کی زد میں ہیں۔