امریکا کا ایران پر حملہ، چین، کیوبا، میکسیکو اور نیوزی لینڈ کی شدید مذمت

0 65

بیجنگ / ہوانا / میکسیکو سٹی / ویلنگٹن – ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی فضائی حملے پر عالمی سطح پر سخت ردعمل سامنے آ رہا ہے، کئی ممالک نے اس اقدام کو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

چین کی وزارت خارجہ نے امریکی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ “ایران کی جوہری تنصیبات پر بمباری مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو مزید سنگین کر دے گی۔ چین تمام فریقین سے فوری طور پر حملے روکنے اور کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔”

کیوبا کے صدر میگوئل دیاز کانیل نے امریکی کارروائی کو “انسانیت کے لیے خطرناک قدم” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام عالمی سلامتی کے لیے تباہ کن نتائج لا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا، “یہ کارروائی اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے اور دنیا کو ایک ناقابلِ واپسی بحران کی طرف لے جا سکتی ہے۔”

میکسیکو کی وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری بیان میں کہا کہ “ہم اپنی پُرامن خارجہ پالیسی کے مطابق خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور ریاستوں کے درمیان پرامن بقائے باہمی کی بحالی پر زور دیتے ہیں۔”

نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز نے تازہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “مشرق وسطیٰ میں جاری فوجی کارروائیاں نہایت خطرناک ہیں، ان سے مزید بگاڑ کا خدشہ ہے۔” انہوں نے زور دیا کہ نیوزی لینڈ سفارتی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور تمام فریقین سے مذاکرات کی بحالی کا مطالبہ کرتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا نے اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران کی جوہری تنصیبات — فردو، نطنز اور اصفہان — پر شدید بمباری کی ہے، جس سے خطے میں کشیدگی نئی انتہا کو پہنچ گئی ہے۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.