وزیر اعظم شہباز کا ایرانی صدر سے رابطہ: امریکی حملے کی کھل کر مذمت

0 66

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پیزشکیان سے ٹیلی فونک گفتگو میں ایران پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے برادر ملک کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ امریکی حملوں کا نشانہ وہ جوہری تنصیبات بنیں جو بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کی نگرانی میں تھیں، جو نہ صرف بین الاقوامی قوانین بلکہ IAEA کے قواعد و ضوابط کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔

وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کے حقِ دفاع کو جائز قرار دیتے ہوئے مسئلے کے حل کے لیے فوری مذاکرات اور سفارت کاری کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہی واحد راستہ ہے جو خطے میں امن کو یقینی بنا سکتا ہے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان، کشیدگی کے خاتمے اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے پاکستان کے بروقت اور جرات مندانہ مؤقف کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم، حکومت، عوام اور عسکری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اسلامی دنیا میں اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.