حزب اختلاف کا انجن دھواں دے رہا ہے اس کے پلگ میں کچرا ہے، شیخ رشید احمد
لاہور(ویب ڈیسک)وزیرریلولے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف کو واپس لانا اتنا آسان کام نہیں ہے، شہباز شریف کی ایک قربانی نواز شریف کے لیے کافی ہے. لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو واپس لانا اتنا آسان کام نہیں ہے اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کسی صورت بھی تحریری بیان نہیں دیں گے کیونکہ شہباز شریف تقریر تو کر سکتے ہیں لیکن تحریر لکھ کر نہیں دے سکتے.
شیخ رشید احمد نے کہا کہ شہباز شریف کی ایک قربانی نواز شریف کے لیے کافی ہے مریم نواز کو ایک سال تک تو سگنل بھی نہیں ملا اور جب سگنل ملا تو وہ سیدھا شہباز شریف کو جا لگا مریم نے جتنے پتھر برسائے وہ شہباز شریف کی سیاست کو ٹھاہ کر کے لگے. وفاقی وزیر نے کہا کہ مولانا جو چاہتے ہیں وہ انہیں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سے نہیں ملے گا اس مردہ حزب اختلاف سے کچھ نہیں ہو گا جنہوں نے تحریک چلانی ہے وہ مردہ اور تھکے ہوئے گھوڑے ہیں جبکہ عمران خان کسی کو کسی صورت این آر او نہیں دیں گے.
انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کا انجن دھواں دے رہا ہے اور اس کے پلگ میں کچرا ہے ان کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) انہی کے گلے پڑ سکتی ہے میں تو محرم الحرام کے بعد بھی اے پی سی ہوتے نہیں دیکھ رہا. وفاقی وزیر نے ایم ایل ون منصوبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایل ون اہم منصوبہ ہے جس کے ٹینڈر کا اجرا جلد ہو جائے گا جس کی وزیر اعظم عمران خان منظوری دے چکے ہیں انہوں نے کہا کہ شالیمار ایکسپریس کے 10 فیصد کرایوں میں 25 اگست سے کمی ہو گی. وزیر ریلوے نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ریلوے کی ری اسٹرکچرنگ کی ہدایت کی ہے جسے چار ہفتوں میں کر لیں گے تاہم ری اسٹرکچرنگ میں بھی کسی ملازم کو نہیں نکالا جائے گا۔
[…] ٹن سے زیادہ کچرا اٹھایا […]