سانحہ بارکھان،تحقیقات پر کسی کو اثر انداز نہیں ہونے دیا جائےگا،عمران گچکی
کوئٹہ( پ ر) ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم اور آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ کی وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری عمران گچکی سے ملاقات ،بارکھان واقعہ سے متعلق امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ جمعرات کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم اور آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ نے وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری عمران گچکی سے ملاقات کی ، ملا قات میں اے سی ایس داخلہ اور آئی جی پولیس کی واقعہ کے حوالے سے اب تک کی تحقیقات کی پیش رفت سے آگاہی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری کی جانب سے اے سی ایس داخلہ اور آئی جی پولیس کو واقعہ کے تناظر میں وزیراعلیٰ کی ہدایات سے آگاہ کیا گیا۔عمران گچکی نے کہا کہ وزیراعلیٰ تمام صورتحال کا خود جائزہ لے رہے ہیں وزیراعلیٰ کو تحقیقات کی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ کی واضع ہدایت ہے کہ غیر جانبدارانہ تحقیقات یقینی بنائی جائیں۔صوبائی حکومت کا دو ٹوک موقف ہے کہ تحقیقات پر کسی کو اثر انداز نہیں ہونے دیا جائےگا اور نہ ہی کوئی دباو¿ قبول کیا جائے گا۔