پاکستان کے 3 صوبوں میں دوسرے مرحلے میں تعلیمی ادارے آج کھل گئے

0 191

اسلام آباد(ویب ڈیسک)ملک کے تین صوبوں پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں آج چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کی کلاسز کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، تاہم سندھ حکومت نے 28 ستمبر سے مڈل اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، آزادکشمیراورراولاکوٹ کے تعلیمی ادارے بھی آج سے نہیں کھلیں گے۔

اس حوالے سے تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی طرف سے ملک بھرمیں کوروناوائرس کی روک تھام کیلئے قواعدوضوابط کے تحت آج سے اسکولوں کو چھٹی سے آٹھویں جماعت تک تدریسی عمل شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی، جس کیلئے طلبا کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے گروپ اے، کی کلاسز سوموار، بدھ اور جمعہ کو ہوں گی جبکہ گروپ بی کے طلبا منگل، جمعرات اور ہفتہ کو اسکول آئیں گے، کورونا ایس او پیز کے تحت طلبا اور اساتذہ کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے، ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے اسکول آنے والے طلبا اور اساتذہ کا گیٹ پر ٹمپریچر چیک کیا جائے گا، تاہم اسکول کھلنے کے باوجود کئی معمول کی سرگرمیاں نہیں ہونگی، جن میں صبح کے اوقات میں اسمبلی اوردوپہر میں وقفہ بھی ختم کردیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ کلاسز میں بچوں کی تعداد کو کم کرکے مناسب فاصلہ رکھنے کی ہدایات کی گئی ہیں، جبکہ اسکول کے اوقات کار صبح 7:30 سے دوپہر 1 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔، اسکول کھولنے کے اقدام کو والدین نے احسن قرار دیا ہے۔ تاہم دوسری طرف سندھ حکومت نے 28 ستمبر سے مڈل اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث بند تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا جس کے تحت میٹرک اور اس سے اگلی کلاسزکا آغاز 15 ستمبر سے ہو گیا جبکہ چھٹی سے آٹھویں کلاسز کے سکول آج کھل رہے ہیں، حالات کا جائزہ لینے کے بعد 30 ستمبر کو پرائمری اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.