تاریخی میچ جیتنے کے بعد محمد رضوان کا اہم بیان آگیا
کراچی (ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹاپ آرڈر بیٹر محمد رضوان نے کہا ہے کہ وہ اور بابر اعظم ایک دوسرے پر اندھا اعتماد کرتے ہیں، بابر کے ساتھ کافی اچھی کمیونیکشن ہے جس کی وجہ سے رنز اسکور ہوتے ہیں،شروع سے ہی ذہن بنایا تھا 200رنز کے ہدف کے تعاقب کیلئے چھکے چوکے کا سوچنا ہوگا،انگلینڈ کے خلاف دس وکٹ کی جیت بڑی جیت ہے۔دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف دس وکٹوں سے جیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ شروع سے ہی ذہن بنایا تھا کہ 200 رنز کے ہدف کے تعاقب کیلئے چھکے چوکے کا سوچنا ہوگا۔محمد رضوان نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف دس وکٹ کی جیت بڑی جیت ہے، پریشر ہوتا ہے لیکن یہ کھیل کا حصہ ہے، ٹیم پچھلا میچ ہاری تھی تو اس کی وجہ سے پریشر ضرور ہوتا ہے، یہ ویسا ہی ہے جیسا جیت کر اعتماد ملتا ہے جب دوسرے میچ میں ٹیم بولنگ کرکے واپس آئی تو مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند کیا۔جب 30 سالہ محمد رضوان سے پوچھا گیا کہ مینجمنٹ نے حوصلے بلند کرنے کیلئے کیا کہا تھا تو انہوں نے کہا کہ ثقلین مشتاق نے ٹیم سے کہا کہ پوری قوم دیکھ رہی ہے اگر ہم دو سو کریں گے تو پوری قوم کو مزہ آئے گا، پھر لڑکوں سے میری بھی بات ہوئی تو یہی کہا کہ سر نیچے نہیں رکھنا ورنہ سوچ بکھر جائے گی، سوچ ایک رکھنی ہے اورمثبت رہنا ہے، چھکے چوکے کا سوچنا ہے۔محمد رضوان نے بتایا کہ اندر جاتے وقت بابر سے بات ہورہی تھی کہ ایک نے سنچری کرنی ہے، شاید پوری قوم بھی یہی چاہتی تھی جس پر ہم شکر گزار ہیں۔ایک سوال پر محمد رضوان نے کہا کہ اگر ان کے ریکارڈز پاکستان کا نام بلند کر رہے ہیں تو اس سے بڑھ کر اعزاز کی بات کیا ہوگی۔کپتان بابر اعظم کے ساتھ شراکت داری کے ریکارڈ پر بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹر نے کہا کہ بابر کے ساتھ ان کی اچھی کمیونیکشن ہے اور وہ دونوں ایک دوسرے پر اندھا اعتماد بھی کرتے ہیں تاہم رضوان نے انکشاف کیا کہ کم از کم دو ایسے موقع ضرور ہیں جہاں وہ پریشر محسوس کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ دو جگہ پر ہم پریشر محسوس کرتے ہیں جب میچ قریب آگیا ہوتا ہے اور جب اسٹارٹ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میچ جب قریب آتا ہے تو سوچتے ہیں ایسے لمحے میں نہیں آٹ ہونا یہ وقت نہیں، شروع میں یہ ہوتا ہے کہ بس اننگز بنانی ہے ۔ایک سوال پر قومی ٹیم کے بیٹر نے کہا کہ ٹیم پہلے بیٹنگ کرے یا بعد میں بیٹنگ کرے، اپروچ میں کوئی فرق نہیں، کھلاڑی اپنی جانب سے ہر میچ میں پوری کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محنت میں کوئی کمی نہیں ہوتی، ہاں کبھی غلطی ہوجاتی ہے، انسان ہیں، غلطیوں کی نشاندہی ہوتی ہے تو اس کو بہتر کرنے کی بھی کوشش کرتے ہیں، لوگ بھی خوش ہوتے ہیں، کبھی ناراض ہوتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ وہ اور بابر اعظم ٹارگیٹس لیکر چلتے ہیں کہ چھ اوورز میں کیا ہونا چاہیے، آٹھ میں کیا اور دس میں کیا، کوشش ہوتی ہے کہ کنڈیشنز کو جانچ کر اس کے مطابق کھیلیں۔محمد رضوان نے کہا کہ جیت کے بعد اعتماد تو آتا ہے لیکن ٹیم کی نظریں روٹیشن پر بھی ہے، انہوں یہ کہہ کر اگلے میچز میں تبدیلیوں کا عندیہ دیا کہ مڈل آرڈر کی دوسرے میچ میں باری ہی نہیں آئی جبکہ پہلے میچ میں وہ اچھا نہیں کرسکے تھے اس لیے مینجمنٹ کی کوشش ہوسکتی ہے کہ آئندہ کے میچز میں ان کو بھی موقع دیا جائے۔