قائداعظم ٹرافی کا نواں راؤنڈ (کل)پیر سے شروع ہوگا

0 104

اسلام آباد : قائداعظم ٹرافی کے نویں راؤنڈ کا آغاز (کل)25 نومبر بروز پیرسے ہوگا۔ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی 2 ٹاپ پوزیشنز کے حصول کے لیے ایونٹ میں شریک 6 ٹیموں کے درمیان جاری جنگ اختتامی مراحل میں پہنچ چکی ہے۔آٹھویں راؤنڈ میں بلوچستان کے خلاف ایک اننگز اور 122 رنز سے کامیابی حاصل کرنے والی خیبرپختونخوا کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔ گذشتہ راؤنڈ میں چوتھی پوزیشن پر موجود خیبرپختونخوا کی یہ ایونٹ میں پہلی کامیابی تھی۔ پیر سے شروع ہونے والے آخری دو راؤنڈز میں مزید ایک کامیابی خیبرپختونخوا کی فائنل میں رسائی یقینی بنادے گی۔خیبرپختونخوا کی ٹیم نویں راؤنڈ میں سنٹرل پنجاب کے مدمقابل آئے گی۔سنٹرل پنجاب کی ٹیم گذشتہ 8 میں سے 3 میچوں میں کامیابی حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔خیبرپختونخوا اور سنٹرل پنجاب کے درمیان نویں راؤنڈ کا میچ این بی اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ گذشتہ راؤنڈ میں سنٹرل پنجاب نے اکمل برادران کی سنچریوں کی بدولت سندھ کے خلاف میچ ڈرا کردیا تھا۔ پہلی اننگز میں خسارے کا شکار سنٹرل پنجاب کی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے بازوں کامران اکمل اور عمر اکمل نے دوسری اننگز میں بالترتیب 166 اور 122 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔احمد شہزاد، کپتان سنٹرل پنجاب نے کہاکہ آخری میچ میں ٹیم سے جو خامیاں سرزد ہوئیں ان پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم مجموعی طور پر ایونٹ میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کررہی ہے۔احمد شہزاد نے کہا کہ ایونٹ میں سنٹرل پنجاب کے بلے بازوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے خلاف میچ میں اڑھائی دن خسارے میں رہنے کے باوجود بلے بازوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے میچ ڈرا کردیا اور یہ سیشن ٹو سیشن کرکٹ ہی فرسٹ کلاس کرکٹ کا حسن ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین ماہ سے مسلسل کرکٹ کھیلنے کے باعث آئندہ میچ سے قبل کھلاڑیوں کو نیٹ سیشن کی بجائے آرام کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کبیر خان، ہیڈ کوچ خیبرپختونخوا نے بتایاکہ ٹیم اچھی فارم میں ہے، بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں بہترین کارکردگی کے باعث پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ سنٹرل پنجاب کی ٹیم ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے تاہم آخری میچ میں کامیابی کے باعث خیبرپختونخوا کے اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی پراعتماد اور آئندہ میچ میں کامیابی کے لیے پرعزم ہیں۔کبیر خان نے کہا کہ رواں سال قائداعظم ٹرافی میں معیاری کرکٹ دیکھنے کو مل رہی ہے اور ایونٹ کی دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل معرکہ دلچسپ اور سنسنی خیز ہوگا۔ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر موجود سندھ کی ٹیم کو ایونٹ کے فائنل کی دوڑ میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کے لیے آئندہ میچ میں کامیابی حاصل کرنا لازمی ہے۔ ایونٹ کینویں راؤنڈ میں سندھ کا مقابلہ سدرن پنجاب سے ہوگا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول میچ پی سی بی کییوٹیوب چینل پر لائیو اسٹریم کیا جائے گا۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان میچ سدرن پنجاب نے جیت لیا تھا۔ ساتویں راؤنڈ میں ناردرن سے شکست کھانے کے بعد سندھ کی ٹیم نے گذشتہ راؤنڈ میں سنٹرل پنجاب کے خلاف قدرے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔ میچ میں کپتان سرفراز احمد سمیت سندھ کے 4 بلے بازوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔فاسٹ باؤلر تابش خان نے میچ میں عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا تھا۔دوسری جانب سدرن پنجاب کی ٹیم ناردرن کے خلاف آٹھویں راؤنڈکے میچ کی پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار ہونے کے باوجودمیچ ڈرا کرنے میں کامیاب رہی تھی۔ دوسری اننگز میں عمر صدیق کی سنچری جبکہ ذیشان اشرف اور صہیب مقصود کی نصف سنچریوں نیمیچ کو بے نتیجہ ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.