اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اعضاء نے انسانیت کی بہتری کے لیے احساس پروگرام کے ساتھ اشتراک کار کر لیا
اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اعضاء، بین الحکومتی اداروں اورانٹر نیشنل آرگنائزیشنز نے انسانیت کی بہتری کے لیے احساس پروگرام کے ساتھ اشتراک کارکیا ہے۔ ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احساس ڈیویلپمنٹ پارٹنر شپ گروپ نے 45 ملکی سربراہان،اقوام متحدہ کے اداروں اور پاکستان میں کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں کے 25 نمائندگان کواس پلیٹ فارم پر یکجا کر دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ منصوبے کا مقصد احساس حکمت عملی پر عملدرآمد کے لیے حکومت کو تذویراتی مشاورت اور تکنیکی معاونت فراہم کرنا ہے تاکہ پروگرام کو مربوط اور ہم آہنگ بنایا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ احساس ڈیویلپمنٹ شراکت دار گروپ میں ہمیں تعاون کے کلیدی شعبوں پر تبادلہ خیال کا موقع ملے گا تاکہ معلومات، تحقیق، کثیر الشعبہ اشتراک کار، نجی شعبے کی سرگرمیوں اور سول سوسائٹی، این جی اوز اور دیگر فریقین کی معاون سرگرمیوں کو یکجا کرکے انسانیت کی خدمت کے مقصد کو پورا کیا جا سکے، اس وقت یہ گروپ ماہانہ بنیادوں پر مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کر رہا ہے تاکہ عملدرآمد کے اثرات کو تیز تر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ احساس کا مقصد پاکستان میں لاکھوں لوگوں کو غربت سے نکالنا اور پہلی مرتبہ ملک کو فلاحی ریاست میں ڈھالنے کے لئے کوششیں بروئے کار لانا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اس مقصد کے لیے ہمیں تمام سٹیک ہولڈرزبشمول اقوام متحدہ کے اداروں اور دو طرفہ اور کثیر الجہت بین الاقوامی اداروںکے درمیان بھر پور تعاون کو فروغ دینا ہے اور یہی وجہ ہے کہ احساس ڈیویلپمنٹ شراکت دار گروپ تشکیل دیا گیا ہے۔