دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگے،صادق سنجرانی
کوئٹہ،اسلام آباد(خ ن)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے دھماکے نتیجے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے شہدا کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ چیئرمین سینیٹ نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے متعلقہ اداروں کو ہدایات بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے اور دہشت گردی کے واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دہشت گرد تخریبی کارروائیوں سے پاکستان میں ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔چیئرمین سینیٹ کہا کہ دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے سے اکھاڑنے کے لئے پر عزم ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر اسحاق ڈار، قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی سیکٹر آئی ٹین میں دھماکے کی شدیدا لفاظ میں مذمت کی ہے۔