اسرائیل اور ایران جنگ بندی پر راضی ہوگئے، صدر ٹرمپ کا اعلان

0 70

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری 12 روزہ جنگ بالآخر جنگ بندی پر ختم ہونے جا رہی ہے۔ صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا کہ دونوں فریق مکمل جنگ بندی پر متفق ہو چکے ہیں، جو آئندہ 6 گھنٹوں کے اندر نافذ العمل ہوگی۔

ٹرمپ نے بتایا کہ ایران اور اسرائیل اپنے موجودہ فوجی مشنز کو مکمل کرنے کے بعد جنگ بند کریں گے، پہلے ایران جنگ بندی کا آغاز کرے گا جبکہ 12 گھنٹوں بعد اسرائیل بھی کارروائیاں روک دے گا۔ 24 گھنٹوں کے اندر اس جنگ کے اختتام کو عالمی سطح پر تسلیم کر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے دوران دونوں ممالک امن، ضبط اور باعزت رویہ اپنائیں گے۔ صدر ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل کی قیادت کو ہمت، استقامت اور دانشمندی کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد بھی دی۔

قبل ازیں ایران نے قطر میں امریکی ایئر بیس ’العدید‘ پر 14 میزائل داغے جن میں سے 13 کو امریکی دفاعی نظام نے تباہ کر دیا، جبکہ ایک میزائل کو جانے دیا گیا کیونکہ وہ کسی خطرے کا باعث نہیں تھا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور ایران نے پیشگی اطلاع دے دی تھی، جس سے نقصان سے بچا جا سکا۔

ٹرمپ نے اس موقع پر قطری امیر کا بھی شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ایران اور اسرائیل اب مستقل امن کی جانب بڑھیں گے۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.