پاکستان کی فضائی حدود بھارت کے لیے پھر بند، پابندی میں ایک ماہ کی توسیع
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) نے بھارت کے لیے فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ نئے نوٹم (NOTAM) کے مطابق اب بھارتی مسافر، فوجی اور لیز پر لیے گئے تمام طیارے 23 جولائی 2025 تک پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے۔
یہ فیصلہ بھارت کی جانب سے 23 اپریل کو سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کے بعد پاکستان کے جوابی اقدامات کے تحت کیا گیا ہے۔ پاکستان نے بھارت کے بے بنیاد الزامات کے جواب میں فضائی، زمینی آمد و رفت اور تجارتی سرگرمیاں مکمل بند کر دی تھیں۔
اس سے قبل 23 مئی کو بھی ایک ماہ کی توسیع کی گئی تھی، جس کے تحت فضائی بندش 23 جون تک نافذ رہی۔ اب یہ فیصلہ دوسری بار دہرایا گیا ہے جس سے بھارتی ایئر لائنز کو شدید مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
نوٹم میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ یہ بندش بھارت کے تمام رجسٹرڈ یا لیز پر لیے گئے طیاروں پر بھی لاگو ہوگی۔ پاکستان کے اس اقدام کو خطے میں سخت پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔