دھماکہ خیز انکشاف: اسرائیل نے خود مانگی جنگ بندی
دھماکہ خیز انکشاف: اسرائیل نے خود مانگی جنگ بندی
مشرق وسطیٰ میں 12 دن کی خونریز جنگ کے بعد بالآخر اسرائیل نے جنگ بندی کی درخواست کی، جو عالمی سطح پر ایک بڑی پیشرفت قرار دی جا رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، اسرائیل نے براہِ راست جنگ بندی کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے امریکی قیادت سے مدد طلب کی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس نے یہ تجویز امیر قطر کو پیش کی، جنہوں نے ایران کو جنگ بندی پر آمادہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بجے جنگ بندی پر عمل درآمد شروع ہوا۔ امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر اعلان کیا کہ ایران اور اسرائیل نے جنگ بندی پر مکمل اتفاق کر لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے 6 گھنٹوں میں دونوں ممالک اپنے جاری مشنز مکمل کریں گے، 12 گھنٹوں میں جنگ مکمل طور پر ختم سمجھی جائے گی، اور 24 گھنٹے بعد باضابطہ طور پر 12 روزہ جنگ کا اختتام ہو گا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ جنگ مشرق وسطیٰ کو تباہ کر سکتی تھی، لیکن اب دنیا کو مبارک ہو۔ ان کے مطابق، ایران اور اسرائیل دونوں نے خود ان سے امن کی بات کی، اور وہ ان اقوام کے بہتر مستقبل کے لیے دعاگو ہیں۔