ایران اور اسرائیل میں جنگ بندی کا آغاز، صدر ٹرمپ کی خلاف ورزی سے گریز کی اپیل

0 87

ایران اور اسرائیل میں جنگ بندی کا آغاز، صدر ٹرمپ کی خلاف ورزی سے گریز کی اپیل

 ایران اور اسرائیل کے درمیان 12 روز سے جاری کشیدگی کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان پر دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔ صدر ٹرمپ نے سیز فائر کے آغاز کے موقع پر تمام فریقین سے اپیل کی ہے کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی سے گریز کیا جائے۔

ایران میں جنگ بندی کا خیرمقدم، عوام سڑکوں پر جشن مناتے نکل آئے

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق، جنگ بندی کے آغاز کے بعد مختلف شہروں میں عوام نے سڑکوں پر نکل کر جشن منایا اور خوشی کا اظہار کیا۔ پریس ٹی وی اور تسنیم نیوز ایجنسی نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران نے جنگ بندی پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے، جس سے قبل اسرائیل پر 4 حملے کیے گئے تھے۔

اسرائیل خاموش، نیتن یاہو کا تاحال کوئی ردعمل نہیں

ادھر اسرائیلی میڈیا نے بھی جنگ بندی کے آغاز کی تصدیق کر دی ہے، تاہم اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اس پیش رفت پر تاحال خاموش ہیں اور ان کا کوئی باقاعدہ بیان سامنے نہیں آیا۔

صدر ٹرمپ کی وضاحت: جنگ بندی کے مراحل

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر لکھا کہ “سب کو مبارک ہو! ایران اور اسرائیل کے درمیان مکمل جنگ بندی پر اتفاق ہو چکا ہے۔” ان کے مطابق، دونوں ممالک پہلے اپنے جاری مشنز مکمل کریں گے، جس کے بعد چھ گھنٹے بعد جنگ بندی کا آغاز ہوگا۔

ٹرمپ نے مزید وضاحت کی کہ:پہلے ایران جنگ بندی کا آغاز کرے گا

12 گھنٹے بعد اسرائیل بھی جنگ بندی میں شامل ہوگا

24 گھنٹے بعد اس جنگ کے اختتام کو دنیا بھر میں تسلیم کیا جائے گا

ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب کا ردعمل

سپاہ پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل پاکپور نے جنگ بندی کو “ایران کی فتح” قرار دیتے ہوئے ملتِ ایران اور شہدا کے اہلخانہ کو مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی اتحاد اور قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکا یا اسرائیل نے دوبارہ کسی جارحیت کی کوشش کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.