وزیراعلیٰ پرنٹ میڈیا کے ہزاروں افراد کو بیروزگاری سے بچائیں ،ایکشن کمیٹی
کوئٹہ (پ ر ) ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا علامتی احتجاجی کیمپ آج 52 ویں روز بھی کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم کیا گیا جہاں اخبارات و جرائد کے مدیران اور اخبار مارکیٹ کے نمائندگان موجود رہے لیکن گرینڈ الائنس کے احتجاجی مظاہروں اور کوئٹہ پریس کلب کے سامنے آنسو گیس کی شیلنگ کے باعث قبل از وقت اختتام پذیر ہوا ۔ایکشن کمیٹی اخباری صنعت کا موقف ہے کہ بلوچستان حکومت پرنٹ میڈیا کی سرپرستی کرتے ہوئے اشتہارات کو BPPRA پر منتقل کرنے کے عمل کو روکے کیونکہ بلوچستان کے ہزاروں افراد صوبے کی واحد صنعت سے وابستہ ہیں۔ اشتہارات کے BPPRA پر منتقلی سے شعبہ صحافت کا ہر شعبہ براہ راست متاثر ہوگا ہزاروں افراد بیروزگارہو جائیں گے ۔دوسری جانب اخبار مارکیٹ کا بہبود فنڈز بھی گزشتہ 8 برس سے جاری نہیں کیا گیا جس کے باعث اخبار مارکیٹ میں مسائل کے انبار لگ چکے ہیں ۔ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان نے گرینڈ الائنس کے احتجاجی مظاہروں کی کوریج کرنے والے صحافیوں پر پولیس کے تشدد کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافی غیر جانبدار ہوکر اپنے فرائض سرانجام دیتے ہیں ایسے حالات میں صحافیوں کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں ،ہم آئی جی پولیس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صحافیوں پر تشدد میں ملوث پولیس اہلکاروں کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے ۔