وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، خطے میں امن کی کوششوں پر گفتگو

0 65

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں ایران-اسرائیل کشیدگی اور مشرق وسطیٰ کی بدلتی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق گفتگو خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی۔ سعودی ولی عہد نے ایران پر اسرائیلی حملے اور امریکی اڈوں پر جوابی کارروائی کے تناظر میں پیدا ہونے والے بحران کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔

وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت و درازی عمر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور حج 2025 کی کامیاب تکمیل پر سعودی حکومت اور ولی عہد کو مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستانی حجاج کی شاندار میزبانی پر سعودی حکومت کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا۔

بات چیت کے دوران وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازع پر سعودی حمایت کو سراہا اور واضح کیا کہ پاکستان جموں و کشمیر، پانی، تجارت اور دہشت گردی جیسے مسائل پر بامعنی مذاکرات کا خواہاں ہے۔

دونوں رہنماؤں نے خطے کی تیزی سے بدلتی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیل-ایران بحران کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور تمام فریقین سے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے تحت تحمل سے کام لینے پر زور دیا۔

وزیراعظم نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.