کوئٹہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں 2افراد جاںبحق جبکہ 21زخمی ہوگئے

0 9

کوئٹہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں 2افراد جاںبحق جبکہ 21زخمی ہوگئے ہیں زخمیوں کوفوری طورپر قریبی ہسپتال منتقل کردیاگیاہے ۔پولیس کے مطابق گزشتہ روز مشرقی بائی پاس شیر جان اسٹاف کے قریب سائیکل میں نصب دھماکہ خیز مواد سے دھماکہ کیا گیا جس کے نتیجے میں2افراد منظور احمد اور ایک نامعلوم الاسم شخص جاںبحق جبکہ 21افراد جن میں گل ولد امیر خان ،بالاچ ولد محمد گل ،جمیل احمدولد عبدالغفور ،احمد اللہ ،رحیم ولد خدائے داد ،محمد نعمان ولد غلام سخی ،غلام ولد محمد رمضان ،روزی خان ولد بھائی خان ،حیات ولد حاجی محمد رسول ،مطیع اللہ ولد حاجی رام ،عبدالمالک ولد حاجی رئیس ،محمد خواص ولد شادی محمد ،سید رحمان ولد باری گل ،فضل الرحمن ولد سیف اللہ ،محمد اسلم ولدقائم الدین ،عبدالصمد ولد حاجی زرین ،محمد نبی ولد اللہ نظر،رحمت اللہ ولد اللہ نظر،محمد ولد خدائے نظر، محمد یوسف ولد علی جان ،سمیع اللہ ولد عبدالاحد زخمی ہوگئے ہیں زخمیوں کو فوری طورپر ہسپتال منتقل کردیاگیا جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے تاہم ڈاکٹرز زخمیوں کوطبی امداد فراہم کررہے ہیں دھماکے سے قریبی دکانوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچابلکہ علاقے میں خوف وہراس بھی پھیل گیا ،بم ڈسپوزل اسکواڈ اور دیگر اہلکار جائے وقوعہ پرپہنچ کر شواہد اکھٹے کرنے کے عمل میں مصروف ہیں بلکہ واقعہ کے مختلف پہلوئوں سے تحقیقات کا بھی آغاز کردیاگیاہے ۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خا ن نے کوئٹہ بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اس میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ بزدل دہشت گردوں نے معصوم اور بے گناہ شہریوں کوبربریت کا نشانہ بنایا،انہوں نے کہاکہ دہشت اور وحشت پھیلانے والوں کا کوئی مذہب ،قوم وقبیلہ نہیں اور یہ سخت ترین سزا کے مستحق ہیں،انہوں نے کہاکہ پولیس اور سیکیورٹی کے دیگر ادارے دہشت گردوں اور انکے سرپرستوں کے خلاف نتیجہ خیز کارروائی کریںدہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے ،انہوں نے صوبائی سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی لگا کر زخمیوں کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولیات دی جائیں۔دریںاثناء صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے اسلام آباد سے جاری کردہ اپنے بیان میں مشرقی بائی پاس کوئٹہ میں بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بم دھماکے میں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں ،دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو پائیں گے، پاکستان کے دشمن ہماری ترقی اور ابھرتے ہوئے پاکستان سے خائف ہیں اس لیئے ملک دشمن عناصر پاکستان میں بے چینی اور بدامنی پیدا کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں فیصلہ کن کردار ادا کر رہے ہیں، دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں یہ کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں، صوبائی وزیر داخلہ کاکہناتھاکہ بلوچستان کی عوام سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے، بہت شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کا تعقب آخری حد تک کیا جائے گا۔علاوہ ازیں صوبائی مشیر محترمہ بشری’ رند نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہیصوبائی مشیر محترمہ بشری’ رند کا کہنا ہے کہ دھماکہ صوبے کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے، قوم کے ہر طبقے نے دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔قوم کے اتحاد سے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے۔ شہدا کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالی شہدا کے درجات کو بلند فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی ہے۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.