ہم بابر اعظم کے کیرئیر سے کھیلنے جا رہے ہیں،پی ٹی آئی سینیٹرفیصل جاوید
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہاہے کہ ہم قومی ٹیم کے نوجوان اور ابھرتے ہوئے بلے باز بابراعظم کے کیرئیر سے کھیلنے جا رہے ہیں۔سینیٹر فیصل جاوید کا خیال ہے کہ ماضی میں آسڑیلیا میں پاکستان کی بڑے ناموں کے ساتھ کھیلنے والی ٹیموں کو خالی ہاتھ لوٹنا پڑا تھا، لگتا ہے کہ مصباح الحق کو یہ سب یاد نہیں، حیران ہوں کہ مصباح خود بطور کپتان دو سال قبل آسڑیلیا میں تین ٹیسٹ ہارنے کے باوجود ایسے فیصلے کیسے کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم پر انہیں ترس آرہا ہے، وہ ہمارا ایک اہم بلے باز ہے، اور ہم قیادت کا بوجھ ڈال کر اس کے کیرئیر سے کھیلنے جارہے ہیں۔فیصل جاوید کہتے ہیں کہ مصباح الحق کے فیصلوں میں جھول نمایاں طور پر محسوس کیا جا سکتا ہے، انہیں خدشہ ہے کہ فاسٹ بولر نسیم شاہ اور موسی خان کو آسڑیلیا کی سخت کنڈیشن میں بنا کسی منصوبہ بندی کے جھونکا جارہا ہے۔پی ٹی آئی سینیٹر کہتے ہیں کہ سابق کپتانوں محمد حفیظ اور شعیب ملک کو مصباح الحق کا نظر انداز کرنا سمجھ سے باہر ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ ابھی دونوں کھلاڑیوں کی قومی ٹیم کو ضرورت ہے، نئے کھلاڑیوں کے نام پر ان تجربے کار کھلاڑیوں کو منتخب نہ کرنا خسارے کا سودا ہوگا۔