نالائق وزیراعظم اور نیب نے پاکستان کی بدنامی کرائی اورمعیشت تباہ کی،ترجمان (ن) لیگ
لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نالائق وزیراعظم اور نیب نے مل کر پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی کرائی اور ملک کی معیشت تباہ کی ہے،بے گناہ کو ایک دن بھی قید کرنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔اتوار کواپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو سیاسی انتقام میں قید ہوئے چھ ماہ ہونے والے ہیں، ریاست مدینہ کے دعویداروں نے بغیر کسی جرم، ریفرنس یا الزام کے حمزہ شہباز کو قید کررکھا ہے، نیب اب تک حمزہ شہباز کے خلاف کوئی الزام، ٹھوس ثبوت اور شواہد پیش نہیں کرسکا، نالائق وزیراعظم اور نیب نے مل کر پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی کرائی اور ملک کی معیشت تباہ کی۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی، رانا ثنااللہ، سعد رفیق، سلمان رفیق، حمزہ شہباز اور مفتاح اسماعیل ریاست کے ضمیر کے قیدی ہیں، بے گناہ کو ایک دن بھی قید کرنا ظلم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، سیاسی مخالفین کا وجود مٹانے کے خبط میں مبتلا ذہنی پسماندہ، کم ظرف اور سیاسی جاہل ہیں، بے گناہ لوگوں کو جیلوں میں قید کر کے ریاست مدینہ کی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔