شفقت محمود بچوں کے وزیراعظم منتخب
26 نومبر سے تعلیمی ادارے بند کیے جانے سے متعلق فیصلہ آنے کے بعد سوشل میڈیا پر وزیر تعلیم شفقت محمود کا نام ٹاپ پر ٹرینڈ کرتا رہا۔
(ویب ڈسیک)
یہی نہیں بچوں نے پاکستان کے اگلے وزیراعظم کے لیے بھی وزیر تعلیم شفقت محمود کو منتخب کرتے ہوئے فیصلہ سنا دیا۔
طلبہ نے شرارتی چٹکلوں کے ذریعے اپنی خوشی کا اظہار کیا اور شفقت محمود کے حوالے سے طرح طرح کے دلچسپ میمز بنا کر شیئر کیے۔
کسی نے وفاقی وزیر تعلیم کو ہیرو کہا تو کسی نے دلوں کا راجہ جب کہ کچھ لوگوں نے تو انہیں بچوں کا وزیراعظم قرار دے دیا۔
اسی طرح ایک میم میں لکھا تھا کہ ‘ہم لیپ ٹاپ نہیں۔۔۔چھٹیاں بانٹتے ہیں’۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو خاصی مقبول ہو رہی ہے جس میں اسلامیہ یونیورسٹی پشاور کے طلبہ تعلیمی ادارے بند ہونے کے اعلان کے بعد نعرے لگا رہے ہیں۔
طلبہ کو یہ نعرے لگاتے سنا گیا کہ “جب تک سورج چاند رہے گا شفقت تیرا نام رہے گا۔”