ذکا اشرف بابر اعظم کی حمایت میں سامنے آگئے
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے کہا ہےکہ بابراعظم نمبر ون پلیئر ہیں اور وہ بطورکھلاڑی ملک کا نام روشن کررہے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف راولپنڈی اسٹیڈیم آئے جہاں انہوں نے ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کا حوصلہ بلند کیا۔چیئرمین ذکا اشرف نے شان مسعود، شاہین آفریدی، محمد حفیظ، وہاب ریاض اور سرفراز احمد سے بھی ملاقات کی۔ذکا اشرف نے قومی ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا اور ٹیم مینجمنٹ پر بھی مکمل اعتماد کا اظہارکیا۔اس موقع پر ذکا اشرف نے شاہین آفریدی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شاہین نے ملک کیلئے جوکیا وہ کبھی نہیں بھلایا جاسکتا، ہماری سپورٹ ہر وقت آپ کے ساتھ ہے، شاہین آپ ٹیم کا اہم حصہ ہیں۔چیئرمین کا کہنا تھا کہ بابراعظم نمبر ون پلیئر ہیں اور وہ بطورکھلاڑی ملک کا نام روشن کررہے ہیں۔ذکا اشرف نے سابق کپتان سرفراز احمد کو بھی شاباش دی، اس موقع پر قومی ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں سرفراز نے شاندار کھیلا۔