ہاچیسن پورٹس پاکستان کی بیلجیئم کی سی وی کوسکو نامی جہاز کو پہلی مرتبہ پاکستانی بندرگاہ پر لنگرانداز ہونے کی دعوت
اسلام آباد (این این آئی)ہاچیسن پورٹس پاکستان نے بیلجیئم کی سی وی کوسکو نامی جہاز کو پہلی مرتبہ پاکستانی بندرگاہ پر لنگرانداز ہونے کی دعوت دیکر بحری تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا ہے۔ سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف احمد جواد نے اپنے بیان میں کہاکہ 336 میٹر طویل اور اپنے 13386 کنٹینرز (TEUs) لاد کر سمندر میں تیرنے والی یہ طویل القامت کشتی کسی بھی پاکستانی بندرگاہ پر لنگرانداز ہونے والا پہلا بحری جہاز ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ بیرونی کھاتوں میں استحکام کی راہ ہموار کرتے ہوئے 5 ماہ میں مرکزی بنک کے ذخائر میں 1.8 ارب ڈالرز کا ریکارڈ اضافہ ہوا ۔ انہوںنے کہاکہ اس اضافے سے زرمبادلہ کے غیرملکی ذخائر کا بفر بھی 4.8 ارب ڈالرز تک بڑھ گیا، عالمی مالیاتی بنک کے ایگزیکٹو بورڈ نے ایکسٹینڈد فنڈ فیسیلیٹی کے تحت پاکستان کی معاشی کارکردگی پر اپنی پہلی جائزہ رپورٹ مکمل کرلی۔احمد جواد نے کہاکہ جائزے کی تکمیل کے ساتھ ہی پاکستان کو 452.4 ملین کی نئی قسط بھی مل گئی، اب تک پاکستان کے کھاتوں میں آنے والے سرمائے کی مقدار 1440 ملین ڈالرز ہوگئی۔احمد جواد نے کہاکہ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں برس نومبر کے مہینے میں 30% اضافے کیساتھ 1387 نئی کمپنیوں کا اندراج کیا، ملائشیاء کی کارساز کمپنی پروٹون آئندہ 3 برس میں پاکستان میں گاڑیوں کی تیاری پر رضا مند ہے ۔ احمد جواد نے کہاکہ پروٹون کی فعالیت سے پاکستان کے آٹوموبائل سیکٹر میں انقلاب برپا ہونے کی امید ہے، ملک میں کاروباری ماحول میں بہتری کے پیش نظر مرکزی بنک نے بیرون ملک سے غیر ملکی کرنسی میں قرضوں کے اندراج کا اختیار نجی بنکوں کودے دیا۔احمد جواد نے کہاکہ اس فیصلے سے کاروباری کمپنیوں کو بیرون ملک سے غیر ملکی کرنسی میں قرضوں کے حصول میں مدد ملے گی، ایشین انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بنک نے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے سرمایہ بڑھا دیا۔احمد جواد نے کہاکہ ایف بی آر نے ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی حتمی تاریخ میں ایک مرتبہ پھر 15 روز کی توسیع کردی۔