سرکاری محکموں میں موجود آفیسران و دیگر اہلکار اپنے فرائض منصبی ایمانداری اور خوش اسلوبی سے ادا کریں، نذر محمد بلوچ
لسبیلہ (خ ن) صوبائی محتسب بلوچستان نزر محمد بلوچ نے کہا ہے کہ سرکاری محکموں میں موجود آفیسران و دیگر اہلکار اپنے فرائض منصبی ایمانداری اور خوش اسلوبی سے ادا کریں تو اس سے نہ صرف اداروں کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا بلکہ محکموں میں عوام کو درپیش مسائل میں واضح کمی آئے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع لسبیلہ کے دورے کے موقع پر ضلعی آفسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ ریجنل ڈائریکٹر وفاقی محتسب بلوچستان غلام سرور براہوئی، ڈائریکٹر صوبائی محتسب سعید احمد شاہوانی، رجسٹرار صوبائی محتسب سید محمد علی آغا، اے ڈی پروٹوکول آفتاب احمد و دیگر موجود تھے، صوبائی محتسب نے اجلاس سے خطاب میں ضلعی آفیسران اور دیگر لوگوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ صوبے کے جس علاقے میں بھی جاتے ہیں تو انہیں اکثر سرکاری محکموں کے حوالے سے شکایات موصول ہوتی ہیں انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں فرائض کی ادائیگی میں غفلت اور اختیارات کے ناجائز استعمال کرنے والے آفسران و اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے صوبے اور ملک کی ترقی کیلئے اپنے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا اور قانون و انصاف کی بالادستی کے راہ میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کو بھی معاف نہیں کیا جائے گا، دریں اثناء لسبیلہ میں صوبائی محتسب کی جانب سے منعقدہ کھلی کچہری میں وصول ہونے والی درخواستوں کے بارے میں احکامات جاری کرتے ہوئے انہوں نے سائلین کی قانون کے مطابق دادرسی کرنے کی ہدایت کی۔