یمن کے شہر عدن میں کار بم حملہ، سینئر یمنی فوجی افسر جاں بحق
یمن کے شہر عدن میں کار بم حملہ، سینئر یمنی فوجی افسر جاں بحق
صنعاء(ویب ڈیسک) عدن میں ایک کار بم حملے کے نتیجے میں یمنی فوج کے ایک سینئر عہدیدار جاں بحق ہوگئے۔یمن کے ایک مقامی ٹی وی کے مطابق یمن کے جنوبی ساحلی شہر عدن میں ایک فوجی افسر کے قافلے پر بم حملے کے نتیجے میں افسر سمیت چار افراد جان گنوا بیٹھے ۔وزارت دفاع نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بریگیڈئیر جنرل ثابت جواس دہشت گرد عناصر کے بزدلانہ حملے میں ہلاک ہوگئے ۔ وزارت نے اس حملے کی مزید کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جواس کسی ذاتی دورے کے بعد دفتر واپس آرہے تھے کہ ان کی گاڑی کو شہر کے مضافات میں نشانہ بنایا گیا۔اس دھماکے کی ذمہ داری ابھی تک کسی گروپ نے قبول نہیں کی ۔جنرل جواس نے سنہ 2014 کے دوران یمنی حکومت کے خلاف ایران نواز حوثی باغیوں کی کارروائی سے قبل ہی صعدہ شہر میں ان کا بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا تھا۔اس کے علاوہ بریگیڈئیر جنرل جواس نے 2015 میں حوثیوں کو لحج کے علاقے سے نکالنے کے آپریشن میں بھرپور حصہ لیا تھا۔یمن کی وزارت دفاع نے بریگیڈئیر جنرل ثابت جواس کی وفات پر تعزیتی بیان جاری کیا ہے۔