مسلم لیگ ن بھی ماہی گیروں کے حقوق کیلئے میدان میں اتریگی،عرض محمد بڑیچ
کوئٹہ (ویب ڈیسک )ممتاز قبائلی شخصیت مسلم لیگ ن بلوچستان کے صوبائی سینئر نائب صدر نوکنڈی سٹی کے سابق ناظم حاجی میر عرض محمد بڑیچ نے گوادر کےماہی گیروں کے مطالبات فوری طور پر تسلیم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے نو دن سے جاری ان کے دھرنے کی بھرپور حمایت کی ہے انہوں نے مرکزی وصوبائی حکومتوں کی بے حسی اور ھٹ دھرمی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کے غریب ماہی گیر نو دنوں سے اپنے جائز حقوق کے لئے دھرنا دیئے بیٹھے ہیں
مگر کسی کو ان کا احساس تک نہیں ہو رہا خصوصا وفاقی حکومت جوعوام پر مسلط کی گئی ریاست مدینہ کے دعوے کرتے نہیں تھکتی مگر عملاً مسلط کردہ عمران خان ریاست مدینہ کی سوچ سے بھی دور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب ماہی گیر اپنی جان کی بازی لگا کر سمندر کی پیٹ سے اپنا رزق و روزی تلاش کرنے جاتے ہیں جہاں انہیں قدرتی آفات سمیت زمینی خداو¿ں کے قہر جبراور ظلم کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے انہوں نے کہا کہ غریب ماہی گیر سمندر کی بادشاہت نہیں مانگ رہے بلکہ اپنے بال بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے صرف اللہ تعالی کی کرم نوازی سے رزق حاصل کرنا چاہتے ہیں
اس کے لئے بھی وہ نو دنوں سے جعلی حکمرانوں سے اپنے حقوق کی بھیک مانگ رہے ہیں میرحاجی عرض محمد بڑیچ نے کہا کہ گوادر کے ماہی گیر محب وطن پاکستانی ہیں۔کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جاسکتا مسلم لیگ ن عوامی جماعت اورھر طبقہ کی نمائندگی کرتی ہے۔مسلم لیگ ن بھی ماہی گیروں کے حقوق کیلئے میدان میں اترے گی۔اور ماہی گیروں کے مطالبات تسلیم کرانے کے لیے کسی بھی قسم کی راست اقدام اٹھانے سے گریز نہیں کرے گی