خضدار میں معیار و میرٹ پر کوئی بھی سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائیگا،ڈپٹی کمشنر خضدار عارف زرکون
ڈپٹی کمشنر خضدار محمد عار ف زرکون سے گفتگو
(تعارف)
محمد عارف زرکون ڈپٹی کمشنر خضدار کے منصب پر فائزنوجوان اور تجربہ کار آفیسر ہیں۔یہ ایک حقیقت ہے کہ فرض شنا س اور خدمت سے سرشار آفیسر زعوام کے لئے باعث صد افتخار اور کسی بھی ضلع کی شان ہواکرتے ہیں،ان کے اقدامات پورے ضلع کی نیک نامی اور وہاں کے معاملات کو سدھارنے میں زینہ ثابت ہوجاتے ہیں۔ پرسکون ماحول،دفاتر میں اچھا سلوک، کاروباری افراد کے عزتِ نفس کی بحالی یہ وہ بنیادی عنصر ہوتے ہیں جوکسی بھی آفسیرکے فخراور عوام دوستی میں اضافہ کردیتے ہیں۔ خضدار کے عوام کو بھی یہی شرف پذیرائی ضلعی انتظامی سربراہ اور ان کی ٹیم کی محنت کوششوں کی وجہ سے حاصل ہے جس پر لوگ مسرور اور مطمئن ہیں۔ضلع خضدار میں اس وقت ضلع بھر کی انتظامی سربراہی ڈپٹی کمشنر خضدار محمد عارف زرکون کررہے ہیں وہ ایک تجربہ کار آفیسر ہیں کہ جواپنے اختیارات،منزل اور عوام کے مزاج و ان کی ضرورت و علاقے کے محل و وقوع کو بخوبی جانتے ہیں اور انہی تجربات کو لیکر حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں چیدہ چید مسائل کا ادراک اور انہماک کے ساتھ حل ڈپٹی کمشنر خضدار کے منصب میں شامل ہے اور ہمہ وقت انہی کوششوں میں رہتے ہیں۔ ان کی جانب سے سب سے زیادہ اپنے آفس کو وقت دینا، ایجوکیشن ہیلتھ سمیت دیگر تمام عوامی مسائل کے حل کے لئے کوشش کرنا، ترقیاتی اسکیمات کی صحیح معنوں میں نگرانی، فیلڈ پر نکل کر عوامی خواہشات پرمبنی فیصلہ دیناڈپٹی کمشنر خضدار محمد عارف زرکون کی کار کردگی کا سب سے زیادہ منفرد اور خوبصورت پہلو ہے۔انہوں نے خضدار میں اپنا عہدہ سنبھالتے ہی مختصر مدت میں جن گرانقدر خدمات کو سرانجام دیئے ہیں وہ قابل ستائش اور حوصلہ افزا ہیں، ان کی کارکردگی اور اقدامات ایک تسلسل کے ساتھ جاری و ساری ہیں اور عوام کی جانب سے انہیں بے حد پذیرائی بھی مل رہی ہے ڈپٹی کمشنر خضدار محمد عارف زرکون ایک معتدل مزاج ہنس مکھ اور ہر دلعزیز آفیسر ہیں انہوں نے یہاں کے عوام کو بے حد عزت و احترام دیا ہے بلاتفریق عوام سے ان کا گھل ملنا لوگوں کے مسائل توجہ کے ساتھ حل کرنا ان کی خصوصیات میں سے ہیں۔ یقینا ڈپٹی کمشنر خضدار محمد عارف زرکون آنے والے دنوں میں خضدار کے محکمہ جات میں مذید سدھار و دیگر شعبوں کے مسائل کے حل میں اہم پیش رفت کریں گے اس متعلق ان سے تفصیلی گفتگو ہوئی جو نذر قارئین ہیں۔
(گفتگو)
ڈپٹی کمشنر خضدار محمد عارف زرکون کا کہنا ہے کہ خضدار ایک وسیع وعریض ضلع اور کئی شہروں کے جنکشن کے طورمتعارف ہے اس شہر کی اہمیت کافی زیادہ ہے چونکہ مختلف ہائی ویز اس شہر کو لنک کرکے گزر جاتی ہیں، مستقبل و قریب میں یہ شہر مذید ترقی کریگا اور یہاں روزگار کے وسیع تر مواقع پیدا ہونگے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان چیف سیکریٹری بلوچستان اور کمشنر قلات ڈویژن کی زیر سرپرستی عوام کے چیدہ چیدہ و بنیادی مسائل کے حل کے لئے ایک وژن کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں عوام کے مفادات ہمیں بے حدعزیز ہیں لوگوں کی بلاتفریق خدمت کو اپنا شعار سمجھتے ہیں مسائل کے حل کے لئے دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے ہر اقدام اٹھانے کے لئے تیار ہیں تعلیم صحت زراعت بجلی پینے کے صاف پانی، زمینات، بی ایم ای، پی پی ایچ آئی، منشیات، ٹرانسپورٹرز، نادر اآفس، پرائس کنٹرول کمیٹی، خضدار ٹاؤن، سی پیک، این ایچ اے سے جتنے بھی مسائل ہیں ان پر بتدریج کام کررہے ہیں اور عوام کو آسانیاں پہنچارہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لئے اہم اقدامات لاٹھارہی ہے تاکہ لوگوں کو سہولیات ملے اور ان کے مسائل حل ہوں۔ ڈپٹی کمشنر خضدار محمد عارف زرکون کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لئے نیک نیتی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے میں خود لوگوں کو سنتا ہوں اور ان کی کال اٹینڈ کرکے اس پر فوری طور پر احکامات و ہدایات جاری کرتا ہوں اس حوالے سے ہم نے عوام کی سہولت کے لئے اپنے دفتر میں بھی اوقات کار کاتعین کردیا ہے جس میں شہری اپنے مسائل بیان کرنے کے لئے آتے ہیں اور ان کے جائز مسائل کو حل کرنے کے لئے فوری طور پر ہدایا ت جاری کی جاتی ہے۔ خوشی اس بات کی ہے کہ تمام طبقات نے بھر پور انداز میں پذیرائی دی ہے حوصلہ افزائی کی ان ہی کی دعاء اور تعاون سے خضدار ڈسٹرکٹ میں معاملات آگے بڑھ رہے ہیں اورانشاء اللہ اسی طرح ہم عوام کی خدمت جاری رکھیں گے اور جو مسائل ہیں انہیں مشاورت کے ساتھ بتدریج حل کرتے رہیں گے۔
ڈپٹی کمشنر خضدار محمد عارف زرکون کا کہنا تھاکہ ہم ضلع میں صاف و شفاف نظام لانا چاہتے ہیں تاکہ معیار زندگی بلند اور ہر ادارے میں میرٹ کا نفاذ ہو،ان کا کہنا تھاکہ تعلیمی معیار و میرٹ پر کوئی بھی سمجھوتہ قبول نہیں ہے تعلیم ہوگی تو ہمارا ملک اور صوبہ ترقی کریگا قوم آگے بڑھے گی تعلیم کے بغیر ترقی کا خواب ادھورا ہے، سفارش کلچر غیر ذمہ داری اور غیر حاضری کی سوچ کو ختم کرکے ہی تعلیمی ترقی کے منازل طے کیئے جاسکتے ہیں قومی ترقی کا بنیادی جز تعلیم سے ہی وابستہ ہے اس کے لئے ضروری ہے کہ تمام تعلیمی سربراہان اساتذہ اور شعبہ تعلیم کے دیگر تمام ذمہ داران اپنی ذمہ داری کاپوری طرح سے احساس کرتے ہوئے نسل نو کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے میں اپنی مصروفیات میں مگن رہیں۔ ڈپٹی کمشنر خضدار محمد عارف زرکون کہا کہنا تھاکہ شعبہ تعلیم میں بنیادی نکات اور ضروراصلاحات کی جانب تعلیمی سربراہان کی توجہ مبذول کرانے کی ضرورت ہے مستقبل کے معماروں کی شعور وآگاہی اور تربیت اسی تعلیم سے وابستہ ہے شعبہ تعلیم میں جنہیں تعلیمی ذمہ داریاں سونپی گئیں ہیں اگر وہ اس میں کوتاہی کریں گے سست روی سے کام لیں گے اور اپنی ذمہ داریوں سے اپنے آپ کو بری الذمہ رکھیں گے تو وہ تعلیمی انحطاط کا سبب بن کر پوری قوم کے ساتھ ناانصافی کا مرتکب ہونگے۔شعبہ تعلیم کوتاہی اور کاہلی کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے شعبہ تعلیم سے وابستہ تمام افراد اخلاص اور قومی جوش و جذبے کے تحت اپنی محنت جاری رکھیں اپنی ذمہ داریاں پوری طرح سے ادا کریں۔
ڈپٹی کمشنر خضدار محمد عارف زرکون کا کہنا تھاکہ خضدار میں علاج و معالجے کی سہولتوں کی فراہمی میں کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمیت تمام تحصیلوں کے ہسپتالوں کو صحیح معنوں میں عوام کے لئے علاج کے مراکز کے طور پر دیکھنا چاہتا ہوں۔چیف سیکریٹری بلوچستان کی ہدایت کی روشنی میں محکمہ ہیلتھ کے شعبے میں قوائد و ضوابط پر موثر اندا ز میں عمل کو یقینی بنایا جارہاہے، غیر حاضر ڈاکٹرز یا عملہ نہ صرف اپنے پیشے کے ساتھ زیادتی کررہے ہوتے ہیں بلکہ وہ عوام کے علاج کے حقوق کو بھی سلب کرنے کا مرتکب ہوتے ہیں ہسپتال آر ایچ سی، بی ایچ یو اور دیگر ہیلتھ کے مراکز میں ڈیوٹی سے غیر حاضر عملے کی تنخواہیں کاٹی جارہی ہے ہسپتالوں کو معیار ی معالج کے مراکز بنانے پر کوئی بھی سمجھوتہ قبول نہیں ہے ہر صورت میں عوام الناس کو علاج میں ریلیف دینے کوششیں بروئے کار لائے جائیں گے۔خضدار میں ٹیچنگ ہسپتال سمیت تمام ہسپتالوں کی حالت زار بہترکرنے کے لے موثر اقدامت کیئے جائیں عوام کو کھلے دل کے ساتھ علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کیئے جائیں۔ڈاکٹرزہسپتالوں میں مقرر کردہ آفیشل ٹائم پراپنی حاضری کو یقینی بنائیں صبح آٹھ بجے سے دوپہر دو بجے تک وہ اپنی ڈیوٹی پر حاضررہیں عوام کا علاج کریں ڈپٹی کمشنر خضدار محمد عارف زرکون کا کہنا تھاکہ ہیلتھ ایک ایسا شعبہ ہے کہ جس کا تعلق براہ راست عوام سے ہے اس شعبے میں کوتاہی کمی کا مطلب عوام کو دکھ پہنچانا اور تکلیف پہنچانا ہے ہم نہیں چاہتے ہیں کہ عوام کو علاج و معالجے کے حوالے سے کسی بھی پریشانی اور دقت کا سامنا کرنا پڑے۔ ہسپتال سربراہان اور ڈاکٹرز و دیگر عملہ نیک نیتی کے ساتھ عوام کا علاج کریں مریضوں کی حوصلہ افزائی کریں اس سلسلے میں گزشتہ روز میں نے ٹیچنگ ہسپتال خضدار کا وزٹ کیا تھا جہاں چند ایک معاملات پر ہدایت جاری کردیئے تاکہ ٹیچنگ ہسپتال میں عوام کو علاج و معالجے کی سہولت مل جائیں۔
ڈپٹی کمشنر خضدار محمد عارف زرکون کہاہے کہ خضدار ضلع ماربل صنعت کامرکز بنتا جارہاہے خضدار سے پورے ملک میں ماربل سپلائی کی جاتی ہے ضلع میں ماربل صنعت لگنے کے باعث کثیر تعداد میں لو گ بر سرِ روزگارآئے ہیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ماربل صنعت سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزئی بھی کی جائیگی ماربل اونر ز اس بات کا بھی خاص خیال رکھیں کہ ان کی صنعت سے شہری آبادی کو کسی بھی قسم کی دقت و پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ماحولیاتی آلودگی سے شہر اور ارد گردو کو محفوظ بنانے کی کوشش کریں اس صنعت سے وابستہ افراد ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنی صنعت کے فضلے اور کچرے کو شہر اور آبادی سے دور ڈمپ کریں تاکہ یہاں شہریوں کو مشکلات پیش نہ آئیں اور اس سے ندی نالوں کے راستے بند نہ ہوں۔
ڈپٹی کمشنر خضدار محمد عارف خان زرکون نے امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ قیامِ امن کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں اس سلسلے میں مسلسل میٹنگز منعقد کرکے حکمت عملی مرتب کی جاتی ہے اور غورو خوض کیا جاتا ہے کوشش ہے کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کی جائے ان کے کاروبار کو تحفظ دیا جائے قومی شاہراہوں کو آمد ورفت کے لئے محفوظ بنایا جائے،اس کے لئے ہم نے تاجر برادری اور عوام کے مطالبات پر لیویز فورس کو بھی شہر میں تعینات کردیا ہے یہ ایک حقیقت ہے کہ ماضی میں یہ علاقے بد امنی کے شکار رہے ہیں تاہم اب حالات اس طرح نہیں ہے پہلے کافی بہتر ہیں لیویز فورس پولیس ایف سی اور پاک آرمی کے جوان قیام ِ امن کے لئے موثر اقدامات عمل میں لارہاہے ہیں اور امن وامان کے لئے سیکورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں بھی دی ہیں جس کی بدولت ان علاقوں میں امن قائم ہواہے۔
ڈپٹی کمشنر خضدار محمد عارف زرکون کا کہنا تھاکہ منشیات کے خاتمے اوراور اس کے روک تھام کے لئے بھی موثر اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں تاکہ علاقے میں منشیات کے کاروباراور سمگلنگ کا راستہ روکا جاسکے جرائم پیشہ افراد اور منشیات فروشوں کے خلاف اقدامات عمل میں لائے گئے ہیں اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر خضدارمحمد عارف زرکون کا کہنا تھاکہ خضدار میں پرقیمتوں کو اعتدال پرلانے اور ملاوٹ سے پاک اشیاء کے فروخت کے لئے تاجروں کو احکامات دیئے گئے ہیں اس حوالے سے پرائس کنٹرول کمیٹی بھی فعال ہے شہری کسی بھی شکایت پر ضلعی انتظامیہ کے ذمہ داران سے بات کرسکتے ہیں شہر میں ٹریفک کے نظام کو بھی بہتر بنانے کے لئے کوششیں کیئے جارہے ہیں تجاوزات کاخاتمہ ہماری اوّلین کوشش ہے تاکہ ٹریفک کی آمدو رفت اور شہریوں کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔