زلزلہ متاثرہ شامی بچے نے سعودی ریسکیو اہلکار سےکیا فرمائش کی؟
رواں ماہ شام اور ترکیہ میں آنے والے زلزلے نے کئی ہزار زندگیاں تباہ کیں، 7.8 کی شدت کے زلزلے میں 50 ہزار سے زیادہ افراد جان سے گئے جب کہ لاکھوں زخمی اور بے گھر ہوگئے۔ زلزلہ متاثرین میں جنگ سے متاثرہ شامی بچے بھی شامل ہیں جن کی مدد کے ساتھ دلجوئی کے لیے ریسکیو اہلکار مختلف اقدامات کر رہے ہیں۔ زلزلہ متاثرین کی مدد کو پہنچنے والی سعودی عرب کی ریسکیو ٹیم کے ایک اہلکار سے شامی بچے نے ایک فرمائش کی جو کہ پوری بھی کردی گئی۔ نبیل سعید نامی بچے کو جب سعودی ریسکیو ٹیم نے بچایا تو بچے نے ریسکیو اہلکار سے بات چیت کرتے ہوئے اپنی خواہش کا اظہار کیا۔ سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل الشیخ نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیوشیئر کی جس میں انھوں نے نبیل سعید کے بارے میں لوگوں سے پوچھا اور کہا کہ وہ اس بچے تک رسائی حاصل کرنا چاہتے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ‘میرے بیٹے آپ کو اپنی والدہ کے ہمراہ مملکت میں خوش آمدید’۔ بچے نے بتایا کہ وہ چاہتا ہے پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو براہ راست اپنی آنکھوں کے سامنے کھیلتا دیکھے کیونکہ وہ اس کے پسندیدہ فٹبالر ہیں۔ اہلکار کی جانب سے پوچھا گیا کہ وہ اپنے ہمراہ سعودی عرب رونالڈو کا میچ دیکھنے کسے لے جانا چاہیں گے؟ جس پر نبیل سعید نے کہا کہ میں اپنے ساتھ والد اور والدہ کو لے جانا چاہتا تھا لیکن میرے والد فوت ہوچکے ہیں۔ بعدازاں نبیل کو سعودی عرب آمد کا دعوت نامہ بھیجا گیا، جمعہ کی شب آل الشیخ کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک اور ویڈیو پوسٹ کی گئی جس میں انہوں نے نبیل کی سعودی عرب آمد کو دکھایا۔
نبیل سعید نے آل شیخ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ میں سعودی عرب میں رونالڈو کو کھیلتا دیکھ سکوں گا۔