ایران تخریب کاری کے ذریعے خطے میں افراتفری پھیلا رہا ہے: شہزادہ خالد بن سلمان
ریاض سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا ہے کہ ایران خطے میں تخریب کاری اور خونریزی کے ذریعے طوائف الملوکی پھیلا رہا ہے ۔انھوں نے یہ بات روس کے دارالحکومت ماسکو میں منعقدہ بین الاقوامی سکیورٹی کانفرنس میں تقریر کرتے ہوئے کہی ہے۔انھوں نے کہا ایرانی رجیم نے فرقہ واریت کے بیج بونے اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ۔ہمیں ایران کی پھیلائی ہوئی طوائف الملوکی اور استحکام ، سکیورٹی اور ترقی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔سعودی نائب وزیر دفاع نے کہا کہ ایران حزب اللہ اور حوثیوں کی حمایت کے ذریعے خطے کے استحکام کو تہ وبالا کررہا ہے ۔یمن کے حوثی باغی اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور اسٹاک ہوم سمجھوتے کی مسلسل خلاف ورزی کے مرتکب ہورہے ہیں۔شہزادہ خالد کا کہنا تھا کہ سعودی عرب علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے۔ہمیں دہشت گردی کے تمام مالی ذرائع سے نمٹنا ہوگا اور منی لانڈرنگ کے انسداد کے لیے کوششوں کو مضبوط بنانا ہوگا۔انھوں نے اپنی تقریر میں سعودی عرب کے ویژن 2030 کے بارے میں بھی اظہار کیا اور کہا کہ ان کا ملک اس ویژن میں مقرر کردہ اہداف کے حصول کے لیے بے مثل تبدیلی کے عمل سے گزر رہا ہے۔