بلوچستان کے علاقے موسیٰ خیل میں 23 مسافروں کا قتل، بسیں اور ٹرک نذرِ آتش
ضلع موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم میں مسلح افراد نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 23 مسافروں کو بسوں سے اتار کر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ایس پی موسیٰ خیل ایوب اچکزئی کے مطابق، پنجاب اور سندھ کی سرحد سے متصل ضلع موسیٰ خیل میں مسلح افراد نے بین الصوبائی شاہراہ پر ناکہ لگا کر مسافروں کو بسوں سے اتارا اور فائرنگ کردی، مسلح افراد نے فائرنگ کے بعد 10 گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی، مرنے والے تمام افراد کا تعلق پنجاب سے ہے، پولیس اور لیویز جائے وقوع پر پہنچ گئی ہیں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب، اتوار اور پیر کی درمیانی شب بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں نے مختلف مقامات پر حملے کیے۔ لیویز حکام کے مطابق، مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں لیویز تھانے پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا تاہم اس حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، حملے کے بعد کوئٹہ کراچی ہائی وے ٹریفک کے لیے معطل کردی گئی ہے۔کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر نامعلوم افراد کیچی بیگ تھانے کی دیوار کے پاس دستی بم حملہ کرکے فرار ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لیکر شواہد جمع کر لیے گئے ہیں اور ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے، دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔