بیجنگ کی طرح ترکیہ کمپنیوں نے بھی شکایات کی ہیں، شہباز شریف
بیجنگ کی طرح ترکیہ کمپنیوں نے بھی شکایات کی ہیں، شہباز شریف
انقرہ(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیجنگ کی طرح ترکیہ کمپنیوں کو بھی پاکستان میں کچھ مشکلات کا سامنا رہا ہے جنہیں دور کریں گے اور تجارتی حجم کو پانچ ارب ڈالر سے آگے لے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کو ترقی کے لیے محنت کرنی ہوگی، ترکیہ اور پاکستان کے عوام میں بہترین پوٹینشل موجود ہے، پاکستان اور ترکیہ کے درمیا ن تجارت، کاروبار اور دیگر شعبوں میں موثر تعاون ہوگا، ترکیہ کے سرمایہ کاروں کے تحفظات کو دور کیا جائے گا اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مختلف شبعوں میں تعاون کے وسیع امکانات ہیں، ترقی کے لیے پاکستان اور ترکیہ کو مزید آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، سیلاب کے دوران مشکل میں پاکستان کا ساتھ دینے پر ترکیہ کے مشکور ہیں، پاکستان میں سیلاب آیا تو ترکیہ نے ڈاکٹرز، طبی عملہ،امداد اور بنیادی ضروری اشیا بھیجیں۔
انقرہ میں ترکیہ پاکستان بزنس کونسل سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، امریکا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت تمام ممالک کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے، چین، ترکیہ، امریکا اور دیگر ممالک سے توانائی کے شعبے میں تعاون جاری ہے۔
انہوں ںے کہا کہ پاکستان میں گیس کی قلت، بجلی کے مسائل ہیں، پاکستان کی خواہش ہے توانائی، زراعت اور دیگر شعبوں میں ترکیہ سے مستفید ہو، طیب ایردوان کی قیادت میں ترکیہ میں ترقی ہوئی، ترقی کے لیے ایمان داری، محنت اور مستقل مزاجی سے کام کرنا ہوگا، محنت کامیابی کی کنجی ہے۔