راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف آج سیاسی شو کرے گی

1 218

راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف آج سیاسی شو کرے گی

راولپنڈی(نمائندہ امبرین بلوچ)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) ( PTI ) کے آج بروز ہفتہ 26 نومبر کو ہونے والے جلسے کیلئے سکستھ روڈ فلائی اوور پر اسٹیج لگا دیا گیا ہے۔پی ٹی آئی کے جلسے کے موقع پر آٹھ ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی پر تعینات کیے گئے ہیں، جلسے سے عمران خان سمیت اہم رہنما خطاب کریں گے۔پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان سخت سیکیورٹی حصار میں زمان پارک سے ائیرپورٹ لے جائے گئے۔ بعد ازاں وہ خصوصی طیارے اسلام آباد روانہ ہوئے۔
عمران خان اسلام آباد سے راولپنڈی جلسے کیلئے روانہ ہونگے۔ اسلام آباد روانگی سے پہلے انہیں راولپنڈی جلسے اور اس حوالے سے کئے جانے والے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔دوسری جانب مختلف شہروں سے بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں ریلیوں اور قافلوں کی صورت میں راولپنڈی پہنچ رہے ہیں۔ جب کہ اسپتالوں میں ہائی الرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے۔لاہور میں تحریک انصاف کی ریلیوں کے باعث سیکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں۔ تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی لاہور سے راولپنڈی روانگی کے پیش نظر لاہور کے 8 اسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا۔

اسپتالوں میں الرٹ جاری

جنرل، جناح، سروسز اور سر گنگا رام اسپتال میں ہائی الرٹ، میو اسپتال، میاں منشی اسپتال، شاہدرہ اور چلڈرن اسپتال میں بھی ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے 8 بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی لگا کر نوٹفکیشن جاری کر دیا۔ اسپتالوں کے میڈیکل سپریٹینڈنٹس کو ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے الرٹ جاری کیا گیا۔

اسلحے کی نمائش پر پابندی

دوسری جانب اسلام آباد کی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں اسلحہ کے نمائش کرنے پر پابندی میں 2 ماہ کی توسیع کا اعلان کر دیا۔واضح رہے کہ یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے کہ جب پاکستان تحریک انصاف آج 26 نومبر بروز ہفتے کو راولپنڈی میں بڑا پاور شو کرنے جا رہی ہے۔ اسی دوران وزارت داخلہ نے بتایا تھا کہ لانگ مارچ کے دوران ممکنہ طور پر حملے کا خدشہ ہے۔رانا ثنا اللہ سمیت دیگر حکام کہہ چکے ہیں کہ پی ٹی آئی کے علی امین گنڈا پور سمیت دیگر لوگ آتشیں اسلحے کے ساتھ اسلام آباد آ رہے ہیں۔ جن کی تردید پی ٹی آئی رہنماؤں نے واضح طور پر کر دی ہے۔
آتشیں اسلحے کی اطلاعات کے بعد وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے آتشیں اسلحہ رکھنے یا ان کی نمائش پر 2 ماہ کی مزید پابندی لگا دی ہے۔ یہ پابندی پہلے ہی نافذ تھی تاہم اس میں اضافہ کا اعلان کیا گیا ہے۔اسلام آباد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فیصلے کا مقصد امن و امان کویقینی بنانا ، انسانی جان کو محفوظ رکھنا شہریوں کو خوف و ہراس سے بچانا ہے۔

اسٹیج کی تیاری

پی ٹی آئی کے جلسے کیلئے اسٹیج سکستھ روڈ فلائی اوور پر تیار کیا گیا ہے۔ سکستھ روڈ فلائی اوور سے چاندنی چوک تک پنڈال ہوگا۔سوا کلو میٹر طویل پنڈال تین حصوں میں قائم کیا جائے گا۔ اسٹیج کا پہلا حصہ قائدین کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ دوسرا حصہ اسٹیج سے 30 فٹ فاصلے پر خواتین شرکاء اور تیسرا حصہ کارکنوں کیلئے ہوگا۔

You might also like
1 Comment
  1. […] تحریک انصاف نے اسمبلیاں توڑنے کی تاریخ بتادی […]

Leave A Reply

Your email address will not be published.