ہماری جدوجہد کا مقصد و محور یہاں کے عوام کی ترقی اور خوشحالی ہے، بی این پی کوئٹہ
کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں ساسولی اسٹریٹ سبزل روڈ میں پارٹی کے سینئر رہنماء چیئرمین منظور سمالانی کی رہائش گاہ پر پروگرام منعقد ہوا جس میں پارٹی کے کارکنان نے شرکت کی ، پروگرام سے پارٹی کے مرکزی لیبر سیکرٹری موسیٰ بلوچ سینٹر ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر و ضلعی صدر غلام نبی مری ،ضلعی سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی، ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر علی احمد قمبرانی ، ضلعی پروفیشنل سیکرٹری میر غلام مصطفی سمالانی،ضلعی سوشل میڈیا کمیٹی کے ممبر غضنفر محمد کھیتران، وارث کرد ایڈووکیٹ ،نصرا للہ سمالانی،حمید اللہ شاہوانی، چیئرمین منظور سمالانی اور اسلم سمالانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی جد وجہد اور اصولی موقف بیانیہ یہاں کے لوگوں کے سامنے ایک کھلی کتاب کی مانند ہے، ہماری جد وجہد کو مقصد و محور یہاں کے عوام کی ترقی اور خوشحالی ہے، اور اس مقصد کے حصول کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کر کے حکمرانوں کی توجہ یہاں کے پسماندگیوں کو دور کرنے اور ساحل وسائل پر بلوچ عوام کے حق و اختیار، حق حکمرانی کو تسلیم کرنے کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، پارٹی کے کارکنان اپنے جملہ توانائیوں کو پارٹی کی بنیادی تنظیمی ابتدائی یونٹوں کو فعال اور متحرک کرنے پر مرکوز رکھ کر قومی حقوق کی جد و جہد کو فروغ دیں، انہوں نے کہا کہ کسی بھی پارٹی میں کارکنان اور ابتدائی بنیادی یونٹوں کا قومی تحریک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کی مانند ہے، کارکنان شعوری فکری اور علمی سطح پر لیس ہو کر آنے والے چیلنجز اور واقعات کی صف بندی کی خاطر بلوچستان کو رونما ہونے والے سازشوں سے محفوظ بنانے کی خاطر عوام کو منظم اور عوامی رابطہ مہم کی تیزی پیدا کر کے پارٹی کے پیغام اور پروگرام کو گھر گھر پہنچانے میں اپنا تنظیمی اور قومی وطنی ذمہ داریوں کو ایمانداری اور مخلصی سے سرانجام دیں اگر آنے والے واقعات اور حالات کی صحیح معنوں میں تدارک اور باریک بینی میں تجزیہ اور پیش بندی نہ کی گئی تو آنے والے دنوں میں بلوچ قومی سوال اور بلوچستان کے ساحل وسائل کے دفاع کی جد و جہد میں سنگین مشکلات مسائل کا سامنا کرنا پڑیگا، ایک ذمہ دار قومی کی حیثیت سے بلوچستان اس وقت قدرتی دولت ساحل وسائل سے مالا مال دنیا کی تمام نظریں یہاں کے لوٹ کھسوٹ اور سنگین استحصال پر مرکوز ہیں، کیونکہ انکے مفادات یہاں کے وسائل کو اپنے دسترس میں لانے پر ہے،انہیں بلوچ عوام کی لاچارگی ، پسماندگی ، غربت ، جہالت اور احساس محرومیوں کو دور کرنے سے ہرگز نہیں ہے، اور نہ وہ بلوچ قوم کو ایک ترقیافتہ قوموں کی صفوں میں لاکھڑا کرنا نہیں چاہتے ،کیونکہ انہیں بخوبی معلوم ہے کہ بلوچ قوم تعلیم یافتہ ترقی یافتہ ،اور دور جدید کے سائنس و ٹیکنالوجی ، وعلم و آشتی اور دیگر سہولیات سے آراستہ ہونگے تو وہ کسی بھی صورت میں استحصال برداشت نہیں کرینگے، اور وہ اپنے حق حاکمیت و حق و اختیار کے خود مالک بنیں گے، اس موقع پر پارٹی کے علاقائی مسائل تنظیمی امور اور دیگر مسائل پر تفصیل کیساتھ بحث کی گئی اور فیصلہ کیاگیا کہ علاقے میں پارٹی کو مزید فعال و متحرک بنانے کے سلسلے میں پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں میں شدت و تیزی لائی جائیگی۔