ویسٹ انڈیز نے 35 سال بعد پاکستانی سرزمین پر ٹیسٹ میچ جیت لیا
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 120 رنز سے شکست دے کر سیریز ایک، ایک سے برابر کردی ہے۔ملتان میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 31، محمد رضوان 25 اور کامران غلام 19 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کے جومیل ویریکین نے 5، کیون سنکلیئر نے 3 اور گوڈاکیش موٹی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔پہلے ٹیسٹ میچ کی طرح یہ میچ بھی 3 دن میں ختم ہوا اور بولرز کے نام رہا۔ پاکستان کی جانب سے اسپنر نعمان علی نے مجموعی طور پر 10، ساجد خان نے 6 جبکہ کاشف علی اور ابرار احمد نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومیل ویریکین نے مجموعی طور پر 9، گوڈاکیش موٹی نے 5، کیون سنکلیئر نے 3 اور کیمر روچ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔