پاکستان کی اقوام متحدہ میں شاندار سفارتی کامیابی، بھارت کی کوششیں ناکام

0 55

پاکستان کی اقوام متحدہ میں شاندار سفارتی کامیابی، بھارت کی کوششیں ناکام

پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک بڑی سفارتی کامیابی حاصل کرتے ہوئے بھارتی کوششوں کو ناکام بنا دیا، جس کا مقصد پہلگام واقعے کے خلاف مذمتی قرارداد میں اس جگہ کا ذکر شامل کروانا تھا۔ بھارت اس معاملے میں پہلگام کا لفظ شامل کرنے میں ناکام رہا، جبکہ اقوام متحدہ نے دہشت گردی کو بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے سب سے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف عالمی برادری کی یکجہتی کا اعادہ کیا۔

سلامتی کونسل کے ارکان نے اپنے بیان میں متاثرین کے اہل خانہ اور بھارت و نیپال کی حکومتوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردی کسی بھی صورت میں ناقابل برداشت ہے، اور مجرموں، منتظمین، اسپانسرز کا احتساب ہونا چاہیے۔ ان اقدامات کے خلاف عالمی سطح پر تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا، اور تمام ممالک سے اپیل کی گئی کہ وہ بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمے داریوں کا احترام کریں۔

اس کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے کہا کہ عالمی ادارہ خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، اور بھارت و پاکستان سے مزید تحمل دکھانے کی اپیل کی ہے تاکہ صورتحال مزید پیچیدہ نہ ہو۔

یاد رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے پہلگام علاقے میں سیاحوں پر فائرنگ کے واقعے میں 26 افراد کی ہلاکت کے بعد سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا تھا اور پاکستانی شہریوں کو بھارت چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات میں بھی کمی کر دی تھی۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.