پاکستان مغربی محاذ پر ناقابلِ شکست، بھارتی دفاعی ماہر کا حیران کن اعتراف
بھارتی دفاعی تجزیہ کار اور سابق فوجی افسر پراوین سواہنے نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان مغربی محاذ پر بھارت کے لیے ہمیشہ ایک ناقابلِ شکست قوت رہا ہے۔ ان کے مطابق بھارت نے آج تک مغربی سرحد پر پاکستان کو شکست دینے میں کامیابی حاصل نہیں کی۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سواہنے نے کہا کہ 1971 کی جنگ میں پاکستان کی شکست صرف مشرقی محاذ تک محدود تھی، جہاں زمینی اور فضائی سپلائی لائنز منقطع ہونے کے باعث پاکستان مشکلات کا شکار ہوا۔ تاہم مغربی محاذ پر پاکستان کی افواج نے بھرپور مزاحمت کی اور بھارت کی پیش قدمی روک دی۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارت واقعی مغربی محاذ پر فتح حاصل کرتا، تو آج لائن آف کنٹرول (LOC) کا وجود نہ ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے کئی بار اس محاذ پر پاکستان کو زیر کرنے کی کوشش کی، لیکن ہر بار پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور دفاعی حکمت عملی نے بھارتی منصوبے خاک میں ملا دیے۔
پراوین سواہنے نے مزید کہا کہ پاکستان کی دفاعی قوت اور عسکری عزم نے ہمیشہ بھارت کو مغربی سرحد پر چیلنج کا سامنا کروایا ہے، اور یہ تاریخی حقیقت ہے کہ پاکستان اس محاذ پر کبھی شکست سے دوچار نہیں ہوا۔