شدید بارشوں سے متاثرین کے نقصانات کا ہر ممکن ازالہ یقینی بنائینگے،وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(خ ن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے شدید بارشوں کی صورتحال کومد نظر رکھتے ہوئے صوبہ بھر میں ہائی الرٹ جاری کرنے کا حکم دے دیا ۔وزیر اعلیٰ میر عبد القدو س بزنجو نے چیف سیکر ٹری بلو چستان عبد العزیزعقیلی کو ہدایت دی کہ تمام محکمے اور انتظامیہ معمول کی مصروفیات معطل کر کے بارشوں سے پیدا ہو نے والی صورتحال کی بہتری اور متاثرین کو ریلیف فراہم کر نے پرتوجہ دی جا ئے ،انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری افسران انتظامی افسران اور عملہ کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں فوری طور پر ڈیوٹی پر حاضر ہونے حکم دیا جائے ، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متعلقہ افسران پی ڈی ایم اے اور انتظامیہ فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی
بنائیںفوٹو سیشن کی بجائے عوامی خدمت کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں،وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ امداد و بحالی کے اقدامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اس وقت متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے اور انکے حوصلے بلند کرنے کی ضرورت ہے حکومتی مشنری ہر قدم پر متاثرین کے ساتھ نظر آنا چاہیے ،وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کر وا تے ہوئے کہا کہ شدید بارشوں سے متاثرین کے نقصانات کا ہر ممکن ازالہ یقینی بنائیں گے،وزیر اعلیٰ سیکر ٹریٹ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے اسلام آباد میں اپنی تمام سرکاری مصروفیات اور اجلاس منسوخ کر دیئے ہیں آج صبح وزیر اعلیٰ بلو چستان ضلع لسبیلہ پہنچ کر متاثرہ علاقوں کا دورہ کرینگے
، ذرائع کے مطابق موسم بہتر ہوتے ہی وزیراعلیٰ دیگر متاثرہ اضلاع کا دورہ بھی کرینگے وزیراعلیٰ بلوچستان اپنی تمام مصروفیات ترک کر کے متاثرہ علاقوں میں امداد و بحالی کی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔