پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار کا جدہ کا دورہ اور اطالوی اور ترک بحریہ کے جہازوں کے ساتھ مشق

0 204

پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار نے پاک بحریہ کی عالمی سمندروں میں تعیناتی کے سلسلے میں جدہ، سعودی عرب کی بندرگاہ کا دورہ کیا۔ بندرگاہ پہنچنے پر جہاز کا استقبال سعودی عرب میں پاکستان کے نیول اور ائیر اتاشی اور رائل سعودی نیول فورس (RSNF)کے حکام نے کیا۔
بندرگاہ کے دورے کے دوران، کمانڈر ویسٹرن نیول فلیٹ کمانڈ رئیر ایڈمرل یحیٰی بن محمد الاسیری اور کمانڈر ویسٹرن نیول ایوی ایشن گروپ رئیر ایڈمرل محمد بن سعید الاحمری نے جہاز کا دورہ کیا اور مشن کمانڈر کموڈور سید رضوان خالد سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران، باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور خطے میں امن اور بحری سیکیورٹی کے لیے پاک بحریہ کی خدمت کو سراہا گیا۔ مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف کی جانب سے سعودی عوام اور خصوصاً سعودی بحریہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

جدہ بندرگاہ کے دورے سے قبل پی این ایس ذوالفقار نے اطالوی بحری جہاز ویگا اور ترک بحریہ کے جہازGOKCEADA کے ساتھ الگ الگ بحیرہ روم میں مشقیں کیں۔ اس مشق میں جدید بحری حربوں کا استعمال کیا گیا جن میں میری ٹائم انٹرڈکشن آپریشنز، بورڈنگ اور فورس پروٹیکشن ڈرلز شامل تھیں۔ مشقوں کا مقصد بحری معاملات کے ذریعے دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور دونوں بحری افواج کے مابین مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو بہتر بنانا تھا۔

بیرون ملک تعیناتی کے دوران، پی این ایس ذوالفقار نے روسی یوم بحریہ میں شرکت کے ساتھ یورپ اور شمالی افریقہ کے دوست ممالک کی بندرگاہوں کے دورے اور دوطرفہ مشقوں میں شرکت کی۔ عالمی سمندروں میں جہازوں کی تعیناتی پاک بحریہ کے عزم اور اقوام عالم کی بحری افواج کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعاون کی تصدیق ہے۔ دوست ممالک کے ساتھ خیرسگالی دوروں اور بحری مشقوں کی صورت میں بحری سفارتکاری کے فروغ کے لیے اس طرح کی سرگرمیوں کی سال بھر منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔

پاک بحریہ کے جہازوں کی عالمی سمندروں میں تعیناتی دوست ممالک کے ساتھ بحری و سفارتی تعلقات کو مزید کو فروغ دے گی۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.