نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیر انتظام ای۔ کچہری کا انعقاد
اسلام آباد27،اگست 2021ء:۔ (پریس ریلیز):۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے وفاقی اداروں سے متعلق لوگوں کے مسائل کے فوری حل کیلئے آن لائن کھلی کچہری کے انعقاد کی ہدایت جاری کی ہیں۔ جن کی روشنی میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیئرمین کیپٹن (ر)محمد خرم آغا نے آج اتھارٹی کے مرکزی دفتر میں این ایچ اے کے آفیشل فیس بک پیج کے ذریعے ای۔کچہری کا اہتمام کیا۔ جس میں انہوں نے لوگوں کے سوالات کے جواب بھی دیئے۔ این ایچ اے کے جملہ ممبرزاور سینیئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) محمدخرم آغا نے ای۔کچہری کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے فرائض میں یہ بات شامل ہے کہ تمام تر تعمیری اور ترقیاتی امور کو احسن طریقہ سے سرانجام دینے کے ساتھ ساتھ عوام کو اس عمل میں بہتر اور معیاری سہولیات مہیا کی جائیں۔انہوں نے کہاکہ تعمیر و مرمت کے منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل ہماری ترجیحات میں شامل ہے،جس کیلئے این ایچ اے کے انجنیئرز،ماہرین تعمیرات اور ددیگر متعلقہ عملہ کے ساتھ عوام کے باہمی رابطوں کو موثر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں کی جانب سے مسائل کی فوراً نشاندہی پر ان مسائل کا حل تلاش کیاجاسکے۔چیئرمین این ایچ اے کیپٹن(ر) محمد خرم آغا نے شرکاء کچہری کو بتایا کہ بلکسر۔میانوالی روڈ اور راجن پور۔کشمور روڈ کی تعمیر کا کام جلد شروع کیاجارہا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ لیہ۔تونسہ منصوبہ پر امسال اکتوبر میں تعمیری کام شروع کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ موسمیاتی تغیر و تبدل کے باعث اس کے تعمیری عمل میں تاخیر ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ہم حیدر آباد۔سکھر موٹروے کی تعمیر کیلئے پلاننگ کمیشن کی اجازت کے منتظر ہیں امید ہے کہ اس موٹروے کا تعمیری عمل جلد شروع ہوجائے گا۔چیئرمین نے آگاہ کیا کہ چترال۔شندور روڈ کیلئے اراضی کی خریداری و منتقلی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ این ایچ اے ہاؤسنگ سکیم کی ڈویلپمنٹ کا کام بھی جاری ہوچکاہے۔انہو ں نے کہا کہ اوورلوڈنگ پر قابو پانے کیلئے ہم جلد موٹروے پولیس سے رابطہ کریں گے۔انہوں نے بتایاکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے پورے ملک میں موٹرویز اور قومی شاہراہوں کے دونوں کنارے درخت اُگانے کا عمل برق رفتاری سے جاری رکھا ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ سہل اور رواں دواں ٹریفک کیلئے تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر ہے۔انہوں نے اس عزم کااظہار کیا کہ ہم ترقی یافتہ،محفوظ اور بہترین سفری ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں تاکہ ملک بھر میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکے۔
چیئرمین این ایچ اے کیپٹن(ر) محمد خرم آغا نے کہا کہ اس کچہری کے توسط سے عوام میں اعتماد سازی کا رحجان تقویت پا رہا ہے جس سے ادارہ کی بہتری اور گڈ گورننس میں گراں قدر اضافہ ہورہا ہے۔ہمارا پختہ عزم ہے کہ ہم عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات اور روڈ انفراسٹرکچر کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کریں۔انہوں نے عوام کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات،تجاویز اور سفارشات کو غور سے سنا اور اس ضمن میں عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے موقع پر احکامات صادر کئے۔