تقسیم برصغیر کا ایجنڈا ادھورا، آج کشمیر بنے گا پاکستان کے اعلان کا دن ہے،شہباز شریف
لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج کشمیر بنے گا پاکستان کے اعلان کا دن ہے، تقسیم برصغیر کا ادھورا ایجنڈا کشمیر کی آزادی سے ہی مکمل ہوگا۔یوم سیاہ پر کشمیریوں اور پاکستانیوں کے نام پیغام میں شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے شیر عوام کے ساتھ مل کر ہر سطح پر کشمیریوں سے یک جہتی کا دن خاص اہتمام کے ساتھ منا رہے ہیں، تکمیل پاکستان کے لئے کشمیر کی آزادی لازمی تقاضا ہے، بہادر کشمیری قائد اعظم کے دو قومی نظریہ کا پرچم تھامے قربانیاں دے رہے ہیں۔شہبازشریف نے کہا کہ شہدا کے قبرستان گواہ ہیں کشمیری آزاد تھے، ہیں اور رہیں گے، غاصب اور قاتل بھارت کشمیریوں کی جان لے سکتا ہے، ان کے خواب نہیں چھین سکتا، قاتل بھارتی درندوں کو تاریخ فرعون، یزید اور ہٹلر کی صف میں کھڑا کرے گی، آج کا دن پوری دنیا پر ثابت کرے گا کہ پاکستان قاتل، ظالم اور دہشت گرد بھارت کے خلاف کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا دہشت گردی کے خاتمے میں سنجیدہ ہے تو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی ختم کرائے، کشمیر سے لا الہ الا اللہ کا رشتہ ہے، یہ رشتہ توڑنے کی حسرت رکھنے والوں کا ٹوٹنا مقدر ہے۔